QR CodeQR Code

سیلابی صورتحال کا احتمال

ملک کے بیشتر شہروں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

6 Oct 2019 10:00

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان اور سندھ کے تمام اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرژالہ باری کا بھی امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ بلوچستان، سندھ کے تمام اضلاع جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اکثر اضلاع میں بادل خوب برسیں گے، جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان اور سندھ کے تمام اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے بالائی اور زیریں اضلاع جبکہ بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے، بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا میں دیر، کاکول، میر کھانی، کالام، بشام، دوریش، پارا چنار، چترال، مالم جبہ، پٹن، بونیر، سیدو شریف اور بالاکوٹ کے اضلاع میں کہیں کہیں جبکہ کشمیر اور پنجاب میں قصور، خانپور، سیالکوٹ اور نارووال کے اضلاع، سندھ میں کراچی، حیدر آباد اور میرپور خاص کے اضلاع اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ شہر قائد کراچی میں 10 سال بعد اکتوبر کے ماہ میں بارش ہوئی ہے۔ شہر قائد اور ملک کے دیگر حصوں میں رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اکتوبر کے ماہ میں غیر متوقع بارشوں کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں موسم سرد ہو چکا ہے جبکہ شمالی علاقوں میں بربفباری کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جس کے بعد ان علاقوں میں باقاعدہ موسم سرما کا آغاز ہو گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 820391

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820391/ملک-کے-بیشتر-شہروں-میں-بارش-اور-ژالہ-باری-کا-امکان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org