QR CodeQR Code

لوگوں کو عقیدہ ختم نبوتؐ کے نام پر اکسانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں، نورالحق قادری

6 Oct 2019 10:25

لاہور میں عالمی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ؐپوری امت کا اجتماعی عقیدہ ہے، پاکستان عقیدہ ختم نبوتؐ کی برکت سے ہی حاصل ہونے والا ملک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے لاہور میں محافظان ختم نبوت کے زیراہتمام  عالمی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ؐپوری امت کا اجتماعی عقیدہ ہے، پاکستان عقیدہ ختم نبوتؐ کی برکت سے ہی حاصل ہونے والا ملک ہے۔ پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کسی حکومت نے ریاست مدینہ کے قیام کی بات کی ہے اور پاکستان میں ریاست مدینہ قائم ہوکر رہے گی، چاہے موجودہ حکومت قائم کرے یا کسی اور کو یہ سعادت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر عقیدہ ختم نبوتؐ اور ناموس رسالت کے حوالے سے آواز بلند کی ہے، اقوام متحدہ میں بھی عمران خان نے کشمیر سمیت ناموس رسالت کے اہم مسئلے کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ بعض سازشی عناصر ملک میں لوگوں کو عقیدہ ختم نبوتؐ کے نام پر اکسا رہے ہیں یہ لوگ ملک اور نظام کے خیرخواہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ختم نبوتؐ کا موضوع، عقیدہ اور فکر مسلمانوں اور اہل ایمان کی روحوں میں رچی بسی ہے، جب تک ایک بھی اہل کلمہ زندہ ہوگا، جب تک کلمہ کا ورد ہوگا، ختم نبوتؐ پر آنچ نہیں آ سکتی، باقی معاملات میں اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن سب کا ختم نبوتؐ کے حوالے سے عقیدہ ایک ہی ہے،ْ چاہے کسی کا کسی فقہ یا فرقہ سے تعلق ہو لیکن تمام مسالک کا عقیدہ ختم نبوتؐ پر اجماع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دورے اقتدار میں ختم نبوتؐ کے حوالے سے اقدام کے بعد عقیدہ ختم نبوتؐ میں ایک نئی جان اور نیا جذبہ پیدا ہوا ہے کہ ہم سب مومن عقیدہ ختم نبوتؐ پر کٹ مرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سبز حلالی پرچم گنبد خضریٰ کا رنگ ہے، کوئی بھی عقیدہ ختم نبوتؐ کو چھیڑنے کی سازش نہیں کر سکتا، ہمارا ایمان ہے کہ ختم نبوتؐ حضورؐ کا تاج ہے، کوئی بھی عقیدہ کی طرف ہاتھ بڑھانے کی کوشش کرے گا، ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جن کو ریاست مدینہ کی فکر سے اختلاف ہے، وہ ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، ان کو ناکامی ہوگی۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ قیادت نے ریاست مدینہ کی بات کی ہے، جس مقصد کے تحت پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر اور ناموس رسالتؐ کے حوالے سے مسلمانوں کے جذبات عالمی فورم پر موثر انداز میں پیش کئے اور اسلامی دنیا کے رہنماؤں کے ساتھ متفقہ لائحہ عمل اپنانے کی بات ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ناموس رسالتؐ، اسلام فوبیہ اور حجاب پر بات کی جو پہلے کسی پاکستانی لیڈر نے ان موضوعات پر بات نہیں کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علمائے کرام ریاست مدینہ کے خدوخال، اصول و ضوابط کے حوالے سے حکومت کی رہنمائی کریں، علمائے کرام تسلی رکھیں کہ عقیدہ ختم نبوتؐ کے خلاف کسی اقدام کو برداشت نہیں کریںگے، نبیؐ کا جو غلام ہوگا وہ ہمارا امام ہوگا۔
 


خبر کا کوڈ: 820399

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820399/لوگوں-کو-عقیدہ-ختم-نبوت-کے-نام-پر-اکسانے-والے-ملک-خیرخواہ-نہیں-نورالحق-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org