0
Sunday 6 Oct 2019 18:38

لاہور میں جماعت اسلامی کا ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ ہزاروں افراد کی شرکت

لاہور میں جماعت اسلامی کا ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام لاہور کی تاریخی مال روڈ پر ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ مارچ شام 4 بجے ناصر باغ سے شروع ہوا جو مال روڈ سے ہوتا ہوا ریگل چوک میں پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ مارچ کی قیادت جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکراللہ مجاہد نے کی۔ مارچ میں مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات، خواتین، وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مارچ کے موقع پر مال روڈ کی طرف آنے والے تمام راستے بند کئے گئے تھے جبکہ ٹریفک کیلئے متبادل راستوں کی رہنمائی کیلئے ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔

آزادی کشمیر مارچ کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر ہمارا ہے، سارے کا سارا ہے، کشمیر ہماری شہ رگ حیات ہے، جیسے نعرے درج تھے۔ مارچ میں دیگر مکاتب فکر کے علمائے کرام نے بھی شرکت کی جبکہ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا اور شیعہ علماء کونسل لاہور کے آرگنائزر قاسم علی قاسمی نے شرکت کی۔ مقررین نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت میں جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو کو 2 ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے پوری وادی فوج کے زیر اثر ہے، نوجوانوں کو اغواء کیا جا رہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے جبکہ ادویات کی فراہمی معطل ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر سے کرفیو ختم کروانے میں کردار ادا کرئے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 820484
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش