0
Monday 7 Oct 2019 12:49

میرپور آزادکشمیر میں زلزلے کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

میرپور آزادکشمیر میں زلزلے کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے ضلع میرپور میں زلزلے کے دو ہفتے بعد 100 محفوظ اسکولوں میں تدریسی عمل آج سے دوبارہ شروع ہو گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ناقابل استعمال عمارتوں میں قائم ادارے کھولنے پر مستقل پابندی ہو گی۔ 24 ستمبر کے قیامت خیز زلزلے کے بعد حصول تعلیم کے لیے طلبہ مکمل تیاری کے ساتھ اسکول پہنچے، جبکہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہونے سے والدین بھی خوشی سے نہال نظر آئے۔ ڈپٹی کمشنر میرپور کا کہنا ہے کہ زلزہ متاثرہ علاقوں میں کم نقصان والی عمارتیں فی الحال مرمتی کام کے لیے کھلیں گی، جبکہ ناقابل استعمال عمارتوں میں قائم ادارے کسی محفوظ جگہ منتقلی کے بعد کھل سکیں گے۔

واضح رہے کہ 24 ستمبر کو آنے والے المناک زلزلے کی وجہ سے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے تھے جس کے باعث میرپور شہر اور جاتلاں سے ملحقہ کئی دیہی علاقوں کے تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس سانحے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک سروے ٹیم تشکیل دی گئی جس نے اسکول بلڈنگز کا معائنہ کیا اور 100 تعلیمی اداروں کی بلڈنگز کو محفوظ قرار دیا۔ سروے ٹیم نے 130 عمارتیں مرمت کے بعد قابل استعمال بنانے کی ہدایت کی جبکہ 59 ناقابل استعمال بلڈنگز میں قائم ادارے کھولنے پر مستقل پابندی عائد کی ہے۔ گزشتہ روز بھی آزادکشمیر کے ضلع میرپور اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کے نتیجے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ 2 زخمی بھی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 820581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش