0
Monday 7 Oct 2019 18:44

ہمارے تمام مسائل کا حل جہاد سے ہی ممکن ہے، کفیل بخاری

ہمارے تمام مسائل کا حل جہاد سے ہی ممکن ہے، کفیل بخاری
اسلام ٹائمز۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اور دیگر ملکی امور کی سمت درست کرنے کیلئے سودی نظام کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا، سود اللہ اور رسول کے ساتھ کھلی بغاوت ہے، جس سے بچ کر ہی ہم معاشرے کو سنوار سکتے ہیں، مسلمانوں کا لبادہ اوڑھ کر امت مسلمہ کی جڑیں کاٹنے والے اپنے انجام کو پہنچ کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیت سمیت تمام فتنوں کا خاتمہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا، استعماری قوتیں پوری یلغار کیساتھ امت مسلمہ کیخلاف برسر پیکار ہیں، انگریز سرکار کا لگایا ہوا قادیانیت کا پودا اور دیگر تمام استعماری قوتوں کے حربے ان شاء اللہ اپنے انجام کو پہنچ کر رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس احرار اسلام کے مرکزی دفتر ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج استعماری قوتیں مل کر پوری ہوشیاری سے ایسی منظم منصوبہ بندی کر رہی ہیں جس سے مسلمانوں کو مغلوب کیا جا سکے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا بلکہ باطل کو ہی شکست فاش ہوگی، تاہم امت مسلمہ کو بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے انگریز سرکار کے لگائے ہوئے قادیانی پودے اور دیگر امت مسلمہ کو درپیش فتنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے علمائے حق کو پوری امت مسلمہ کے سامنے دعوت حق کا اعلان اور مضبوط عزم کرنا ہوگا، اس سلسلہ میں ہر کڑی سے کڑی آزمائش کا سامنا کرکے دین حق کا غلبہ قائم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا دین حق کے قیام سے ہی سوسائٹی کو سدھارا جا سکتا ہے، مسلمانوں کے دل سے کوئی بھی نبی کریم ﷺ کی محبت کو نکال نہیں سکتا، ہمارے تمام مسائل کا حل جہاد سے ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی استعماری قوت نے فتنوں کو پھیلا کر مسلمانوں میں تفرفہ بازی کی سعی کی تو اللہ رب العزت نے اس کے مقابلے میں اپنا کوئی نہ کوئی بندہ لاکھڑا کیا، آج بھی ہمیں اللہ رب العزت کی نصرت حاصل ہے۔ انگریز آج بھی فتنے پیدا کرکے مسلمانوں کو زک پہچانے کی سعی کر رہا ہے جس میں  اسے ان شاء اللہ شکست فاش ہوگی اور غداران اسلام اور غدار وطن کی ہرزہ سرائیاں نیست و نابود ہو کر رہ جا ئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کا لبادہ اوڑھ کر امت مسلمہ کی جڑیں کاٹنے والے اپنے انجام کو پہنچ کر رہیں گے۔ انہوں نے کارکنوں کو 11-12 ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی عظیم الشان سالانہ احرار ختم نبوت کانفرنس میں بھرپور شرکت کرنے اور اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 820637
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش