QR CodeQR Code

جب تک بھارت کشمیر کے حالات بہتر نہیں کرتا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھ سکتے، عمران خان

7 Oct 2019 18:51

امریکی سینیٹر سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ہندو سپرمیسی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں، دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، معاملات کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں اور اگر معاملات خراب ہوئے تو دنیا کے لیے پریشانی ہوگی اور اب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو معاملات کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور اب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکی ارکان سینیٹ کرس وان ہولین اور میگی حسن نے ملاقات کی جس میں امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید، ناظم الامور پال جونز  بھی شامل تھے۔ امریکی وفد نے آزاد کشمیر کے دورے کے بعد ذاتی مشاہدے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر تعاون کرنے پر سینیٹرز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ بھارت نہیں جو میں سمجھتا تھا، مودی نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں تبدیل کر دیا ہے، میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا سب سے بڑا ہامی تھا لیکن اب جب تک بھارت کشمیر کے حالات بہتر نہیں کرتا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھ سکتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ہندو سپرمیسی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، معاملات کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں اور اگر معاملات خراب ہوئے تو دنیا کے لیے پریشانی ہوگی اور اب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔ افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم  نے کہا کہ اس پر  مرحلہ وار بات چیت ہونی چاہیے، طالبان چاہتے ہیں کہ امن ہو اور امریکا بھی چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن ہو۔ اس موقع پرامریکی سینیٹرز کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ پر  کشمیر اور افغان امن عمل آگے بڑھانے پر زور دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 820642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820642/جب-تک-بھارت-کشمیر-کے-حالات-بہتر-نہیں-کرتا-مذاکرات-کی-میز-پر-بیٹھ-سکتے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org