0
Monday 7 Oct 2019 23:11

وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ چین کے 3 روزہ دورے پر روانہ

وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ چین کے 3 روزہ دورے پر روانہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ روانہ ہو گئے، وزیراعظم عمران خان صبح چھ بجے بیجنگ پہنچیں گے۔ دورے کے دوران کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔ جہاں وہ چینی قیادت سے علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم زراعت، صنعت اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لائحہ عمل کے تحت منصوبوں کو توسیع دینے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کرینگے۔ وزیراعظم بیجنگ میں چین پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینا ہے۔

اس کے علاوہ چینی تاجروں اور مختلف کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ فریقین چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر فوری عملدرآمد پر تبادلہ خیال کریں گے، جس پر دونوں تذویراتی شراکت داروں نے دستخط کئے تھے جس کا مقصد دو طرفہ کاروبار اور تجارت کو مزید فروغ دینا ہے۔ وہ چاول، گندم، مکئی، سویا بین، چینی اورتمباکو جیسی تمام پاکستانی زرعی مصنوعات کے کوٹے کے خاتمے پر غور کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ تین وفاقی وزراء اور ایک مشیر ہوں گے، جن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیرمنصوبہ بندی خسرو بختیار اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ شامل ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے چین روانگی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کے پہاڑ سے بھی بلند ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران معیشت، اقتصادیات، مسئلہ کشمیر اور پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ایم ایل ون اور ایم ایل ٹو کی بھی بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ خیال رہے وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔
 
خبر کا کوڈ : 820689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش