0
Tuesday 8 Oct 2019 16:10

خیبر پختونخوا حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کو نوکری کی پیشکش کردی

خیبر پختونخوا حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کو نوکری کی پیشکش کردی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کو نوکری دینے کی پیشکش کر دی ہے۔ یہ پیشکش وزیراعلٰی کے پی محمود خان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلٰی نے امیر جے یو آئی (ف) کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لانگ مارچ اسلام آباد کیلئے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ بیروزگار ہیں تو آپ کو نوکری کے پی حکومت دیدے گی۔ محمود خان نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم پانچ حلقے کھلوانے کیلئے دھرنے پر گئے تھے اور لاک ڈاؤن پانامہ کیلئے کیا تھا لیکن آپ اسلام آباد کیلئے کر رہے ہیں۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ مولانا صاحب! پتہ نہیں کون سے اسلام کی بات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی بات تو اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان نے کلمہ پڑھ کر کردی ہے۔ ہڑتالی ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ خود کو مسیحا کہتے ہیں تو عوام کی خدمت کریں اور واپس آ کر اپنے فرائض سر انجام دیں۔ وزیراعلٰی نے واضح کیا کہ حکومت کمزور نہیں ہے، لیکن آکر مذاکرات کریں۔ محمود خان نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں مگر ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کو عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی اصلاحات کے بعد بھی ڈاکٹروں کی ملازمتیں محفوظ رہیں گی۔ جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کیلئے وہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 820862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش