1
Tuesday 8 Oct 2019 16:38
کئی بار سزائے موت کی سزا پانے والے

دہشت گرد داؤد بادینی کی رہائی کا فی الفور نوٹس لیا جائے، ایم ڈبلیو ایم

دہشتگردوں کی رہائی ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے
دہشت گرد داؤد بادینی کی رہائی کا فی الفور نوٹس لیا جائے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان بدنام زمانہ دہشت گرد داؤد بادینی کی رہائی کا نوٹس لیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سینکڑوں معصوم انسانوں کے قاتل بدنام زمانہ دہشت گرد داؤد بادینی کی رہائی انصاف کے خون کے مترادف ہے، کئی بار کے سزائے موت کے دہشتگرد کی رہائی ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظام انصاف سے عوام کی مایوسی کا سبب یہی ہے کہ یہاں ملک اسحاق اور داؤد بادینی جیسے دہشت گرد باعزت بری ہو جاتے ہیں۔ نظام انصاف کی پیچیدگیاں اور اداروں میں موجود کالی بھیڑیں معاشرے میں عام عوام تک انصاف کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ چیف جسٹس کو اس المناک سانحہ کا فی الفور نوٹس لینا چاہیئے۔

نیشنل ایکشن پلان اور اپیکس کمیٹی کے ذمہ داران اس بات کا سنجیدگی سے جائزہ لیں کہ آخر جس قاتل دہشت گرد کو عدالتیں کئی بار سزائے موت سنا چکی ہیں اور وہ سینکڑوں معصوم انسانوں کے قتل میں براہ راست ملوث ہے، وہ کیسے با عزت بری ہو سکتا ہے۔ بدنام زمانہ دھشت گرد کی رہائی نے ریاستی اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کے سینکڑوں ہزارہ شیعہ شہداء کے وارث مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔ وارثان شہداء کا مطالبہ ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے سانحے سے لے کر کوئٹہ کے قتل عام تک ان سانحات میں ملوث تمام مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ اس سے قبل سانحہ شب عاشور جیکب آباد میں ملوث دہشت گردوں کو بھی باعزت بری کیا گیا ہے، اس لئے قانون ساز ادارے بھی اقتدار کی رسہ کشی کی بجائے انسان دشمن دہشت گردوں کے خلاف نئی قانون سازی کریں اور عدلیہ اپنے نظام عدل میں موجود سقم دور کرے تاکہ مظلوموں کو انصاف مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 820877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب