0
Tuesday 8 Oct 2019 19:32

وفاقی حکومت صرف اپوزیشن کیخلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے، سعید غنی

وفاقی حکومت صرف اپوزیشن کیخلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جب سے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت آئی ہے اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کررہی ہے، اپنی مخالف سیاسی قیادت کے خلاف پہلے دن سے کارروائی جاری ہے اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں، اگر حکومت مزید گرفتاریاں کرنا چاہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں، وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ قومی ایشوز پر اپوزیشن اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے اور پارلیمنٹ کا ڈیبیٹ (بحث و مباحثہ) کا پلیٹ فارم بنایا جائے۔ یہ بات آج انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ تین روزہ تیسری پاکستان ٹریول مارٹ نمائش 2019ء کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یہ تیسری عالمی سیاحتی نمائش ہے جس میں اس شعبے کی 110 عالمی کمپنیوں نے حصہ لیا ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ ایک سال سے اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے مگر ہماری آواز بند نہیں کی جا سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں مگر انہیں کسی کا احساس نہیں ہے اور وہ انتقامی کارروائی میں مصروف عمل ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ اگر جے یو آئی ایف پر امن احتجاج کرنا چاہ رہی ہے تو اسے کرنے دینا چاہیئے یہ ان کا جمہوری حق ہے، پی ٹی آئی نے اپنے اپوزیشن کے دور میں پی ٹی وی پر حملہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، اب یہ لوگ اپنے عمل کو حلال اور دوسرے کے عمل کو حرام سمجھتے ہیں، سندھ حکومت پرامن احتجاج کرنے والوں کو کبھی نہیں روکے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گٹکے کی وجہ سے کینسر کے کیسز میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے  ہمارا کام ہے گٹکا کھانے اور گٹکا بنانے والوں کو روکا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 820904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش