QR CodeQR Code

ظلم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنا حسینیت ہے، علامہ فیاض بشیر

8 Oct 2019 20:34

پیغام امام حسینؑ کانفرنس سے خطاب میں منہاج القرآن کے نظام تربیت کے رہنما کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری عالم اسلام کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے مسند امام علیؑ کے ذخیرہ حدیث پر کام کیا اور 12ہزار سے زائد احادیث جمع کیں جو شہر علم حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی ہیں۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی احادیث مبارکہ کا مجموعہ مسند امام علیؑ کے نام سے بہت جلد اہلبیت اطہار سے محبت رکھنے والے کلمہ گو مسلمانوں اور علمی حلقوں کے سامنے ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن لاہور پی پی 144 کے زیراہتمام پیغام امام حسینؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن نظامت تربیت کے رہنما علامہ فیاض احمد بشیر نے کہا کہ ظالم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنا سید الشہداء امام حسینؑ کی سنت اور دین مصطفی (ص) کی اصل تعلیمات ہیں، ظلم پر خاموشی اختیار کرنیوالے یا ظالم کے اثر ورسوخ، مال و دولت سے مرعوب ہونے والے حسینؑ نہیں یزید کے راستے پر ہیں۔ کانفرنس کے میزبان شیخ حنیف تھے۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن منہاج القرآن انجینئر رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، صدر پی پی 144 اسلم طاہر، محمد امجد قادری، شہباز بھٹی، شاہد اقبال قادری نے بھی پیغام امام حسینؑ کانفرنس سے خطاب کیا۔ انجینئر محمد رفیق نجم نے اپنے خطاب میں کہاکہ منہاج القرآن حسینی فکر کی علمبردار ہے، اس تحریک کے کارکنوں کو ظالم نظام کیخلاف لڑتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری عالم اسلام کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے مسند امام علیؑ کے ذخیرہ حدیث پر کام کیا اور 12ہزار سے زائد احادیث جمع کیں جو شہر علم حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی ہیں۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی احادیث مبارکہ کا مجموعہ مسند امام علیؑ کے نام سے بہت جلد اہلبیت اطہار سے محبت رکھنے والے کلمہ گو مسلمانوں اور علمی حلقوں کے سامنے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سال کی تاریخ میں یہ کام نہیں ہوا، یہ سعادت اللہ نے تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک منہاج القرآن کو بخشی ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہلبیت اطہارؑ کی لازوال قربانیوں نے حق اور باطل کے درمیان قیامت تک کے لیے لکیر کھینچ دی ہے۔ امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ بدبخت یزید نے ریاستی طاقت کے نشے میں اہلبیت اطہار پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے مگر آل رسول ؑ نے جانوں کے نذرانے پیش کر دیئے مگر یزید کے باطل اقتدار کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ جو دل اہل بیت اطہار کی محبت سے خالی ہیں وہ مردہ ہیں۔ صدر پی پی 144 اسلم طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذکر امام حسینؑ کی محافل منعقد کر کے ہم اپنے ایمان کو تازگی بخشتے ہیں۔ حضور نبی اکرم (ص) نے فرمایا کہ جو قرآن اور میری عترت سے جڑے رہیں گے وہ گمراہ نہیں ہونگے۔ پیغام امام حسینؑ کانفرنس میں معروف نعت خوان ظہیر بلالی اینڈ برادرز اور منہاج القرآن نعت کونسل کے نعمان اور عدنان برادرز نے بھی بارگاہ اہل بیت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔


خبر کا کوڈ: 820912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820912/ظلم-کیخلاف-صدائے-احتجاج-بلند-کرنا-حسینیت-ہے-علامہ-فیاض-بشیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org