0
Tuesday 8 Oct 2019 23:21

مشیر تعلیم کو فوری برطرف کر دیں، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا تقاضا

مشیر تعلیم کو فوری برطرف کر دیں، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا تقاضا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلٰی جام کمال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشیر تعلیم کو فوری برطرف کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے نیوز کانفرنس کی، اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان نے کہا کہ ہم نے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں میں بےضابطگیوں پر آواز اٹھائی ہے، سب سے زیادہ ناانصافی بلوچستان میں ہو رہی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما ملک سکندر کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی جام کمال کو محکمہ تعلیم میں تعیناتیاں کالعدم قرار دینی چاہیئے تھیں۔ بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے کہا صوبے میں ہر 2 ماہ بعد سیکرٹری تبدیل ہوتے ہیں، ایسی صورتحال میں شفافیت کیسے ہوگی۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما ثناء اللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان مایوس ہیں، صوبے میں اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے، بلوچستان کی سیاسی ساخت کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما نصراللہ زیرے نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں 3 خواتین کو چوکیدار بھرتی کیا گیا ہے، خواتین رات کے وقت کیسے چوکیداری کر سکتی ہیں، وزیراعلٰی مشیر تعلیم کو فوری بر طرف کریں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں پر کمیٹی نہ بنانے پر بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے علامتی واک آوٹ کیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 820923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش