QR CodeQR Code

فضل الرحمان اپنا حصہ لینے اسلام آباد آ رہے ہیں، لیکن اب دیر ہو چکی ہے، علی محمد خان

9 Oct 2019 10:08

وفاقی وزیر کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاست میں ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپس میں بیٹھ کر اختیارات بانٹ لیے جائیں، تمام حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے اپنے مقصد کے لیے ایشوز کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنا حصہ لینے اسلام آباد آ رہے ہیں، لیکن اب بندر بانٹ کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ہم مظاہرین سے دو دو ہاتھ نہیں کریں گے ہم تو ان سے ہاتھ ملائیں گے۔ ہم تو مودی سے دو دو ہاتھ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اگر اسمبلی میں آنا چاہتے ہیں تو میری مہمان کی حیثیت سے آ سکتے ہیں، ورنہ انہیں چار سال انتظار کرنا پڑے گا۔ مولانا فضل الرحمان کو تو ان کے حلقے والوں نے ہی مسترد کر دیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مظاہرین اچھے کام کے لیے آئیں گے، تو ہم ان کو کنٹینر دیں گے ورنہ یہ اپنا انتظام کر کے آئیں، کچھ نادان دوست کہتے ہیں مولانا کو حکومت میں حصہ چاہیے اور وہ اسی لیے اسلام آباد آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے، جس کا مطلب مسائل کا حل نکالنا ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپس میں بیٹھ کر اختیارات بانٹ لیے جائیں جو پاکستان میں ہوتا رہا ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ تمام حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے اپنے مقصد کے لیے ایشوز کھڑا کرنا چاہتے ہیں، لنگر پر تنقید کرنے والے کیا جانیں کہ بھوکے سونے والوں کے لیے یہ کتنی بڑی نعمت ہے، گزشتہ حکومتوں نے تو غریبوں کے منہ سے بھی نوالے چھین لیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اپنی غلطیوں کی معافی مانگ لیں ہم ان کو ساتھ لے کر چلنے کو تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 820948

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820948/فضل-الرحمان-اپنا-حصہ-لینے-اسلام-ا-باد-ا-رہے-ہیں-لیکن-اب-دیر-ہو-چکی-ہے-علی-محمد-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org