0
Wednesday 9 Oct 2019 11:41

افغانستان، القاعدہ برصغیر کے پاکستانی نژاد سربراہ عاصم عمر اور ایمن الظواہری کا ساتھی ریحان ہلاک

افغانستان، القاعدہ برصغیر کے پاکستانی نژاد سربراہ عاصم عمر اور ایمن الظواہری کا ساتھی ریحان ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے حکام نے ملک کے جنوبی حصے میں گزشتہ ماہ امریکی و افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران القاعدہ جنوبی ایشیا کے سربراہ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ برصغیر کی سربراہی کرنے والے عاصم عمر کو ہلمند صوبے کے ضلع موسیٰ قلعہ میں قائم طالبان کے ایک کمپاؤنڈ میں ہلاک کیا گیا۔ افغانستان کے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ عاصم عمر کے طالبان سے تعلقات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھاپہ مار کارروائی طویل اور پیچیدہ آپریشن کا حصہ تھی جو 22 اور 23 ستمبر کی رات کو کیا گیا اور اس کے لیے امریکا نے فضائی تعاون فراہم کیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ وہ آپریشن کے دوران فضائی حملے سے بچوں سمیت 40 شہریوں کی ہلاکت کی رپورٹ کی تحقیقات کریں گے۔

این ڈی ایس کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران القاعدہ برصغیر کے دیگر 6 اراکین بھی ہلاک ہوئے، جن میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کے لیے سامان لانے اور لے جانے والا شخص ریحان بھی شامل ہے۔ افغانستان میں موجود امریکی فوجی حکام نے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان منسوخ ہونے والے مذاکرات میں واشنگٹن نے افغانستان سے اپنی تمام افواج واپس بلانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا، تاہم اس نے سیکیورٹی کی یقین دہانی اور القاعدہ سے تعلقات ختم کرنا شرط رکھی تھی۔ امریکا اور طالبان ایک سال سے معاہدے کے لیے مذاکرات کر رہے تھے جس کے تحت امریکی فورسز کا افغانستان سے انخلا ہونا تھا تاہم گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کو منسوخ کردیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکا نے افغانستان پر 11 ستمبر 2001ء کے بعد طالبان کی جانب سے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو حوالے نہ کرنے پر حملہ کیا تھا۔ عاصم عمر کو 2014ء میں نئی بننے والی القاعدہ برصغیر کا سربراہ ایمن الظواہری نے ایک ویڈیو پیغام کے دوران مقرر کیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 820967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش