QR CodeQR Code

امریکا،پاکستان سے تاریخی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے، تعلقات کشیدہ ہیں اور پاکستان نے امریکا کا ٹریننگ مشن ختم کر دیا ہے، گیٹس

30 Jun 2011 18:25

اسلام ٹائمز:برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے کی جانے والی تاریخی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ ان میں انیس سو اناسی میں سوویت یونین کے انخلاء کے بعد خطے سے نکلنا اور پاکستان پر پابندیاں عائد کرنا شامل ہے۔


لندن:اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ امریکا، پاکستان سے تاریخی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے اور افغانستان سے فوجیوں کے انخلاء سے جنگ میں شدت کا خطرہ ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں رابرٹ گیٹس نے کہا کہ امریکا پاکستان سے کی جانے والی تاریخی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ ان میں انیس سو اناسی میں سوویت یونین کے انخلاء کے بعد خطے سے نکلنا اور پاکستان پر پابندیاں عائد کرنا شامل ہے۔ رابرٹ گیٹس نے کہا کہ اوباما انتظامیہ پاکستان سے تعلقات بہتر کرنا چاہتی ہے، لیکن تعلقات کشیدہ ہیں اور پاکستان نے امریکا کا ٹریننگ مشن ختم کر دیا ہے۔ رابرٹ گیٹس تقریبا ساڑھے چار سال تک امریکی وزیر دفاع کے منصب پر فائز رہنے کے بعد آج رخصت ہو رہے ہیں۔
 رابرٹ گیٹس نے بتایا کہ دراصل امریکی صدر کو تنی ہوئی رسی پر چلنا تھا۔ انہیں فوجی اور سیاسی خطرات میں توازن قائم تھا۔ رابرٹ گیٹس نے بتایا کہ صدر اوباما کے مشیروں نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے لئے مختلف تجاویز دی تھیں۔ پینٹاگون کے اعلٰی حکام نے اضافی تینتیس ہزار فوجی دو ہزار بارہ کے اختتام تک افغانستان میں رکھنے کا مشورہ دیا جب کہ دیگر مشیر اپریل تک اضافی فوجی واپس بلانے کے حق میں تھے کیوں کہ جنگ پر ایک سو دس ارب ڈالر سالانہ خرچ ہو رہے ہیں۔ رابرٹ گیٹس نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا سے جنگ میں شدت کا خطرہ بڑھ گیا ہے، لیکن داخلی حالات کی بناء پر صدر اوباما نے درست فیصلہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 82107

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/82107/امریکا-پاکستان-سے-تاریخی-غلطیوں-کا-خمیازہ-بھگت-رہا-ہے-تعلقات-کشیدہ-ہیں-اور-نے-ٹریننگ-مشن-ختم-کر-دیا-گیٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org