0
Wednesday 9 Oct 2019 20:48

سلیکٹڈ حکومت ایک کروڑ نوکریاں کا وعدہ کرکے عوام کو لنگر پر لے آئی، شاہدہ رحمانی

سلیکٹڈ حکومت ایک کروڑ نوکریاں کا وعدہ کرکے عوام کو لنگر پر لے آئی، شاہدہ رحمانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر و رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے گھر پر نیب کی جانب سے چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب سیاسی انتقام کا آلہ کار بنا ہوا ہے، جو سیاسی مخالفین کی زبان بندی اور نظر بندی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، نیب خود قانون و آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ اپنے بیان میں شاہدہ رحمانی نے کہا کہ اعجاز جاکھرانی کے گھر میں گھس کر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے انکے گھر کی خواتین و بچوں کو ہراساں کیا گیا ہے، نیب احتساب کا ڈھول پیٹتے ہوئے غیر قانونی رویے کے ساتھ اپوزیشن کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون و آئین سے بالاتر ہو کر ملک میں دندناتے ہوئے اپنی مرضی کے مطابق کاروائیاں کر رہا ہے، اگر احتساب غیر جانبدارانہ ہے تو علیمہ خان کو سب سے پہلے گرفتار کرنا چاہیے، پرویز خٹک، جہانگیر ترین، پرویز الٰہی، زلفی بخاری، فیصل واوڈا کو گرفتار کرکے کارروائی کیوں نہیں کیا جاتی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت خود یا نیب کو استعمال کرکے سندھ حکومت پر روز کسی نئی کارروائی کے ذریعے اپنے آگے جھکانا چاہتی ہے۔

شاہدہ رحمانی نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرکے عوام کو لنگر پر لے آئی ہے، ان سے نہ ملک سنبھالا گیا، نا عوام کو ریلیف دینے میں کامیاب ہو پائے ہیں، سندھ حکومت کی کارکردگی باقی تمام صوبوں سے بہتر ہے، جو لنگر وزیراعظم کو برداشت نہیں ہو رہی اور اسی وجہ سے وہ کبھی گرفتاریوں کا سہارا لیتے ہیں، کبھی سندھ کے بڑے اسپتالوں پر قبضہ کرتے ہیں، کبھی آرٹیکل 149 کا ڈرامہ رچاتے ہیں، تو کبھی کراچی میں کچرا سیاست کرنے لگتے ہیں، مگر سلیکٹرز اور سلیکٹڈ حکومت سن لے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی حال میں اپنے نظریے اور اٹھارویں آئینی ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ضیاءالحق اور مشرف جیسے آمروں کا مقابلہ کیا، وہ اس سلیکٹڈ نااہل و نالائق کٹھ پتلی حکومت سے ڈرنے والی نہیں، نیازی حکومت کچھ بھی کرلے، وہ اب زیادہ دن نہیں چلے گی اور جلد گھر جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 821118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش