QR CodeQR Code

ملتان، نئے بلدیاتی نظام کے سلسلے میں اجلاس، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی شرکت

9 Oct 2019 21:00

تحصیل ملتان سٹی کے تمام 64 مواضعات، تحصیل ملتان صدر کے بھی 10 مواضعات کو بھی میٹروپولیٹن میں شامل کیا گیاہے، میٹرو پولیٹن میں یونین کونسلوں کی تعداد 68 سے بڑھ کر 90 کے لگ بھگ کرنے کی تجویز ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نئے بلدیاتی نظام کے سلسلے میں ہونے والی حلقہ بندیوں کے متعلق اجلاس سرکٹ ہاوس ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامرخٹک، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، ممبران قومی اسمبلی ابراہیم خان، احمد حسن ڈیہڑ، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات وثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی، ممبران صوبائی اسمبلی میاں طارق عبداللہ، واصف مظہر راں، سلیم اختر لابر، قاسم لنگاہ، ظہیر الدین علیزئی، سبین گل، پی ٹی آ ئی رہنما خالدجاوید وڑائچ، اکرم کنہوں، ملک عبدالروف اور رانا عمران شمشاد بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ارشد گوپانگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی حدود 74 مواضعات تک بڑھانے کی تجویز ہے، جبکہ پہلے میونسپل کارپوریشن صرف 21 مواضعات پر مشتمل تھی۔ تحصیل ملتان سٹی کے تمام 64 مواضعات، تحصیل ملتان صدر کے بھی 10 مواضعات کو بھی میٹروپولیٹن میں شامل کیا گیا ہے۔ میٹرو پولیٹن میں یونین کونسلوں کی تعداد 68 سے بڑھ کر 90 کے لگ بھگ کرنے کی تجویز ہے۔ تحصیل صدر میں پانچ میونسپل کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو کہ قادرپورراں، مخدوم رشید، بستی ملوک، نواب پور اور لوٹھڑ ٹاون کمیٹیوں پرمشتمل ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ میونسل کمیٹی شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کی حدود بھی بڑھانے کی تجویز ہے، دونوں میونسپل کمیٹیوں کی حدود تعداد چھ چھ مواضعات تک بڑھائی جائے گی، پہلے ان کی حدود ایک مکمل اور تین جزوی مواضعات پر مشتمل تھی۔ شجاع آباد میں راجہ رام، سکندر آباد اور مٹوٹلی کو ٹاون کمیٹی کا درجہ ملے گا، تحصیل صدر، شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے دیہی علاقوں پر مشتمل تحصیل کونسلیں بنیں گی جو ویلج پنجائیت کونسلز پر مشتمل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسلز کا وجود ختم ہو جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا مقصد گورنمنٹ پالیسی کے بارے میں ممبران اسمبلی کو آگاہ کرنا ہے، حلقہ بندیاں ابھی تجاویز کے مراحل میں ہیں، ممبران اسمبلی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اعتراضات اور تجاویز سے آگاہ کریں۔

پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے اور بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مالی خودمختاری حاصل ہوگی۔ چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہا کہ ملتان کو میٹروپولیٹن کا درجہ ملنا اعزاز کی بات ہے، اس سے تاریخی شہر ملتان کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا اور نیا بلدیاتی نظام تعمیر و ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ محمد ابراہیم خان ایم این اے نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے پیرامیٹرز سامنے آ گئے ہیں جن میں ایڈیشن ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 821120

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821120/ملتان-نئے-بلدیاتی-نظام-کے-سلسلے-میں-اجلاس-اراکین-قومی-صوبائی-اسمبلی-کی-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org