QR CodeQR Code

کمشنر ملتان کی زیرصدارت اجلاس، ترقیاتی سکیموں کا جائزہ، فوری عملدرآمد کے احکامات

9 Oct 2019 21:11

افتخار علی سہو نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو کی اپ گریڈیشن بارے پلان بنایا جائے، نشتر انتظامیہ نشتر 1 کی ایمرجنسی توسیع، نشتر عمارت کی تزئین و آرائش بارے سکیم بنائے جبکہ کارڈیالوجی ہسپتال میں اضافی آپریشن تھیٹرز کی تجویز بھی شامل کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو کو ملتان کا ترقیاتی پیکج بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے، اس سلسلے میں کمشنر افتخار سہو نے متعلقہ محکموں کو سکیموں کی نشاندہی اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ملتان شہر کی اپ گریڈیشن بارے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں مختلف محکموں سے سفارشات و تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی شہر کیلئے ضروری ہے، کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا شہر کے سیورج نظام اور واٹر سپلائی نظام کی اپ گریڈیشن بارے پلان بنائے، انہوں نے ایم ڈی اے کو سڑکوں کی کشادگی، دو رویہ بارے پلان بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے انر، آوٹر رنگ روڈ بارے بھی لائحہ عمل تیار کرے جبکہ شہر کے ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے فلائی اورز، برجوں بارے پلاننگ کی جائے، شہر کی دیہی سڑکوں اور لنک روڈز کی تعمیر و مرمت بارے سفارشات مرتب کی جائیں۔ کمشنر نے کہا کہ سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی لیںڈ فل سائٹ کی نشاندہی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہم شاہراوں پر ٹراما سنٹروں کے قیام کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو کی اپ گریڈیشن بارے پلان بنایا جائے، نشتر انتظامیہ نشتر 1 کی ایمرجنسی توسیع، نشتر عمارت کی تزئین و آرائش بارے سکیم بنائے جبکہ کارڈیالوجی ہسپتال میں اضافی آپریشن تھیٹرز کی تجویز بھی شامل کی جائے۔ کمشنر افتخار سہو نے محکمہ تعلیم کو سکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے سکولوں کے قیام بارے تجاویز جمع کروانے کی بھی ہدایت کی جبکہ ڈائریکٹر کالجز کو نئے کالجوں کی تعمیر اور مسنگ فسیلٹیز بارے رپورٹ بنانے کی بھی ہدایت کی، کمشنر نے ڈی جی پی ایچ اے زاہد اکرام کو کہا کہ شہریوں کی مثبت تفریح کیلئے پارکوں کی اپ گریڈیشن، فوڈسٹریٹ کی بحالی بارے پلان ملتان ترقیاتی پیکج میں شامل کیا جائے جبکہ شہر میں سپورٹس کمپلیکس، چڑیا گھر کی تعمیر بارے تجویز شامل کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کوریڈور کے پیش نظر اور ملتان کے زرعی شعبے کے استحکام کیلئے ملتان میں ایگری انڈسٹریل زون کی تجویز بھی پیکج میں شامل کی جائے. اس موقع پر ڈارئیکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

 


خبر کا کوڈ: 821121

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821121/کمشنر-ملتان-کی-زیرصدارت-اجلاس-ترقیاتی-سکیموں-کا-جائزہ-فوری-عملدرآمد-کے-احکامات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org