0
Wednesday 9 Oct 2019 23:45

ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن اور وزیر مذہبی امور کی عراقی سفیر سے ملاقات

زائرین کی مشکلات اور فوری ویزے کے اجر پر تبادلہ خیال
ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن اور وزیر مذہبی امور کی عراقی سفیر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ عراق میں اہل بیت اطہار علیہ السلام کے مزارات پر جانے والے عقیدت مندوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس بات کا اتفاق وفاقی وزیر مذہبی امور نے پاکستان میں تعینات عراقی سفیر عبدالسلام صدام سے ایک ملاقات میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کے ہمراہ عراقی سفیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معزز سفیر کو آئندہ چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کیلئے پاکستانی زائرین کے ویزہ میں حائل مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ پیر نور الحق قادری نے معزز سفیر کو بتایا کہ پاکستان میں قائم عراقی سفارتخانے سے ویزہ کے حصول کیلئے زائرین کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ عراق جانے کے خواہشمند بہت سے زائرین نے فضائی ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں اور ہوٹل کی بکنگ بھی کرا رکھی ہے تاہم عراقی ویزہ کے حصول کیلئے عراقی وزارت داخلہ اور خارجہ سے اپرول کی شرط لگائی گئی ہے۔

عراقی سفیر عبدالسلام صدام نے وزیر مذہبی امور کو بتایا کہ وہ جلد عراقی وزارتِ خارجہ اور داخلہ سے اس مسئلہ پر بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق جانے والے زائرین کو سہولیات کی فراہمی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ویزہ کے حصول میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان سے کربلا اور عراق جانے کے خواہشمند زائرین کے ایک وفد نے کچھ دن قبل وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔ عراق میں چہلم امام حسین علیہ السلام اور اربعین اس سال 19 اکتوبر کو ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 821133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش