0
Thursday 10 Oct 2019 00:40

مہنگے پیٹرول سے نجات، پاکستانی الیکٹرک موٹر سائیکل استعمال کریں

مہنگے پیٹرول سے نجات، پاکستانی الیکٹرک موٹر سائیکل استعمال کریں
اسلام ٹائمز۔ پیٹرول کی آسمان کو چھوتی قیمتوں سے پریشان موٹر سائیکل سواروں کے لئے خوشخبری ہے کہ اب پاکستان میں الیکٹرک انجن سے چلنے والی موٹر سائیکلیں تیار کی جارہی ہیں، جسے 50 کلومیٹر کی ایوریج پر ماہانہ صرف 500 روپے میں چلایا جا سکتا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر ساہیوال میں 2 اداروں نے باہمی اشتراک سے پیٹرول کے بجائے برقی توانائی سے چلنے والی موٹر سائیکل کو مقامی سطح پر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کی ہیئت تو روایتی موٹرسائیکل کی طرح ہی ہے لیکن اس میں پیٹرول سے چلنے والے انجن کی بجائے برقی توانائی سے کام کرنے والے انجن کو نصب کیا گیا ہے۔ یوں تو بجلی سے چلنے والی موٹر سائیکلیں پاکستان میں ایک دہائی سے موجود ہیں لیکن یہ سب درآمد شدہ ہیں جن کی قیمت لاکھوں میں ہیں لیکن کافی مہنگی ہونے کے باعث یہ موٹر سائیکلیں متوسط طبقے کی دسترس سے باہر ہیں تاہم ساہیوال کے عثمان شیخ نے اس موٹر سائیکل کو مقامی سطح پر تیار کرلیا ہے۔

ساہیوال سے تعلق رکھنے والے اوج ٹیکنالوجیز کے عثمان شیخ نے الیکٹرک بائیک کی تیاری میں استعمال ہونے والے پرزہ جات کو پاکستان میں ہی اسمبل کرکے موٹر سائیکل تجارتی بنیادوں پر تیار کی ہے، جس میں روایتی پرزوں جیسے گیئر، کک، گیئر لیور، موبل آئل اور چین گراری سیٹ کی ضرورت نہیں رہتی اور یہ ماحول دوست بھی ہے۔ عثمان شیخ نے بی بی سی کو مزید بتایا کہ ہم نے پیٹرول سے چلنے والی روایتی موٹر سائیکل کے پہلے سے موجود ایکو سسٹم سے فائدہ اٹھایا اور مقامی سطح پر الیکٹرک بیٹری سسٹم تیار کیا ہے اور ساتھ ہی کنٹرولر، بیٹری مینجمنٹ سسٹم (بی ایم ایس)، چارجر، موٹر اور بیٹری پیک ڈیزائن کئے ہیں۔ ان الیکٹرک بائیک کی رینج 70 کلومیٹر ہے جس کے بعد انہیں گھر یا دفتر میں 5 گھنٹے میں چارج کیا جا سکتا ہے۔ یہ بائیکس 50 کلومیٹر تک ایوریج دیتی ہیں جس کا مطلب ہوا اسی رینج میں عام موٹر سائیکل کا پیٹرول خرچہ ماہانہ 4 ہزار ہوگا تو الیکٹرک بائیک میں یہ خرچہ صرف 500 ہوگا۔ آلودگی سے پاک، بغیر شور کئے چلنے والی ماحول دوست اور کم خرچ الیکٹرک موٹرسائیکل کی ابتدائی طور پر قیمت 88 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ پیٹرول پر چلنے والی موٹر سائیکل کو بھی الیکٹرک موٹر سائیکل میں تبدیل کرایا جا سکتا ہے۔ چین، جاپان اور یورپ کے کئی ممالک میں الیکٹرک گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کا استعمال عام ہے۔
خبر کا کوڈ : 821138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش