QR CodeQR Code

حزب المجاہدین کا کشمیریوں کی آزادی کیلئے 'ٹھوس اقدامات' اٹھانے پر زور

10 Oct 2019 13:17

جسکول کے مقام کے قریب جے کے ایل ایف کے دھرنے کے شرکا سے فون کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں خطرناک صورتحال کی طرف عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ دلانے کے لیے آپ کا ایل او سی مارچ کا اقدام وقت کی اہم ترین ضرورت تھی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے حامی کشمیری رہنما نے آزادی کی تنظمیوں کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ کے اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے زیرتسلط علاقے میں مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے 'ٹھوس اقدامات' کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق متنازع خطے میں بھارت کے قبضے کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے والے سب سے بڑے گروپ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کی جانب سے ایل او سی کی طرف مارچ کا انعقاد 'جائز اور صحیح راہ' پر تھا۔ جسکول کے مقام کے قریب جے کے ایل ایف کے دھرنے کے شرکا سے فون کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ 'مقبوضہ کشمیر میں خطرناک صورتحال کی طرف عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ دلانے کے لیے آپ کا ایل او سی مارچ کا اقدام وقت کی اہم ترین ضرورت تھا'۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے تجویز پیش کی کہ دنیا کی توجہ تقسیمی لائن کی طرف مبذول کروانے کے لیے ایک 'قومی عوامی تحریک' کی ضرورت تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو انتہائی ضروری فوجی امداد فراہم کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی امن فوج کو تعینات کیا جائے یا پاکستان، لائن آف کنٹرول کے اُس پار اپنی فوج کو بھیجے۔


خبر کا کوڈ: 821255

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821255/حزب-المجاہدین-کا-کشمیریوں-کی-آزادی-کیلئے-ٹھوس-اقدامات-اٹھانے-پر-زور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org