QR CodeQR Code

عوامی راج پارٹی کا مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان

10 Oct 2019 17:56

مظفرگڑھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی راج پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب خصوصا مظفرگڑھ میں پولیس گردی اور لاقانونیت کے خلاف وزیراعظم کو خط لکھے مگر صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، انشااللہ پاکستان عوامی راج پارٹی وفد کی صورت میں آزادی مارچ میں شریک ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان عوامی راج پارٹی و سابق ایم این اے جمشید احمد دستی نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاجی مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا، سی ای سی کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں لاقانونیت، ناانصافی، کرپشن، لوٹ مار اور پولیس گردی سے نجات کے لئے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا اصولی موقف ہے کہ عوام سوا سال میں پریشان ہوچکی ہے مگر خاموشی سے دیکھ رہے ہیں، مگر اب جھوٹے مقدمات کے ظلم پر خاموشی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصا مظفرگڑھ میں پولیس گردی اور لاقانونیت کے خلاف وزیراعظم کو خط لکھے مگر صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، انشااللہ پاکستان عوامی راج پارٹی وفد کی صورت میں آزادی مارچ میں شریک ہوگی، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ اس وقت دیا جب وہ اپوزیشن میں تھے مگر جب جنوبی پنجاب کے وڈیرے، جاگیردار اور ظالم عوام دشمن سیاستدان تحریکِ انصاف میں شامل ہوئے تو عمران خان کا منشور ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، عوام میں شدید بے چینی ہے پاکستان کا ہر شہری پریشان ہے، حکومتی وزرا اور ترجمان اپنے بیانات سے قوم کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی نے ہمیشہ ظلم کے خلاف عملی جدوجہد کی ہے، انشااللہ اپنے اصولی موقف کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ میں شرکت کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں جمشید دستی نے کہا کہ ان کی ڈگری کا معاملہ کلیئر ہے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ڈسپلن کمیٹی نے درخواست دہندہ کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے میرے رزلٹ کارڈ کو درست قرار دیا تھا اور یہ یونیورسٹی ڈسپلنری کمیٹی کے منٹس کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خود حیرانی ہوئی ہے کہ میری موجودگی میں مجھے کلیئر قرار دیا گیا مگر اب جو لیٹر سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے اس کی تصدیق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ میرے خلاف سازشیں کرنے والا مافیا ایک بار پھر ناکام ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 821296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821296/عوامی-راج-پارٹی-کا-مولانا-فضل-الرحمن-کے-آزادی-مارچ-میں-شرکت-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org