QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کا الطاف حسین اور قاضی حسین احمد سے رابطہ، گرینڈ اپوزیشن کے قیام کی کوششیں

30 Jun 2011 19:34

اسلام ٹائمز:ذرائع کے مطابق اس رابطے کے بعد متحدہ کے رہنما واسع جلیل نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور الطاف حسین کا پیغام پہنچایا کہ متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر غفور حیدری کی حمایت کرے گی۔


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملک میں گرینڈ اپوزیشن کے قیام کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ جے یو آئی کے سربراہ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور جماعت اسلامی کے رہنماء قاضی حسین احمد سے رابطہ کر کے مضبوط اپوزیشن کے قیام کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ مولانا فضل الرحمان اور الطاف حسین کے درمیان ہونے والے بات چیت میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لیے گرینڈ اپوزیشن کے قیام کی کوششوں کو آگے بڑھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملہ پر جے یو آئی کی حمایت کیلئے بھی کہا۔
ذرائع کے مطابق اس رابطے کے بعد متحدہ کے رہنما واسع جلیل نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور الطاف حسین کا پیغام پہنچایا کہ متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر غفور حیدری کی حمایت کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کے رہنماء قاضی حسین احمد سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی، جس میں سیاسی اور خاص طور پر دینی جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے۔ ملاقات میں متحدہ مجلس عمل کی تشکیل نو پر بات چیت کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 82131

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/82131/مولانا-فضل-الرحمان-کا-الطاف-حسین-اور-قاضی-احمد-سے-رابطہ-گرینڈ-اپوزیشن-کے-قیام-کی-کوششیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org