QR CodeQR Code

سیاسی مولوی کا مارچ غیر آئینی ہے، بابر اعوان

10 Oct 2019 21:33

جنرل عامر کیانی سے ملاقات میں پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کشمیر سے ہمدردی نہ رکھنے والا طبقہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال حکمرانی کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی ناکامی کے بعد مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی مولانا کا اسلام آباد پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان سے پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، آئینی امور اور وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کی گئی۔ بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ معاشی، صنعتی، زرعی، دفاعی اعتبار سے اہم ثابت ہوا، عمران خان مسلم امہ کے اہم رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں، وہ خطے میں قیام امن کے لئے مصالحانہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی کشمیر پر پاکستانی موقف کی کھل کر حمایت خوش آئند ہے، قوم اس وقت عمران خان کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ملک سے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لینے والا 15 لاکھ افراد کہاں سے لائے گا، مولانا نے غیرآئینی اقدام اٹھایا تو ریاست حرکت میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مولوی کا مارچ غیر آئینی ہے، مولانا مدرسے کے طلبا کا مستقبل داؤ پر لگارہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے ہمدردی نہ رکھنے والا طبقہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال حکمرانی کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی ناکامی کے بعد مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 821319

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821319/سیاسی-مولوی-کا-مارچ-غیر-ا-ئینی-ہے-بابر-اعوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org