0
Friday 11 Oct 2019 11:37

نظم و ضبط کی خلاف ورزی، پاک فوج کے 3 میجرز کو سزا

نظم و ضبط کی خلاف ورزی، پاک فوج کے 3 میجرز کو سزا
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے تین میجرز کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور بدانتظامی پر سزا دی گئی ہے اور انہیں ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تینوں آرمی افسران عائد الزامات میں مرتکب پائے گئے ہیں جس کے بعد تینوں کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے، جبکہ ان میں سے دو میجرز کو دو سال قیدِ سخت کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ان سزا پانے والے آرمی افسران پر عائد الزامات میں اختیارات کا غلط استعمال اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ماہ اگست میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے حاضر سروس میجر کی سزا کی توثیق کی تھی۔ اُس وقت پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ حاضر سروس میجر کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے نوکری سے برطرف کر کے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ عدالت نے حاضر سروس میجر کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سزا سنائی تھی۔ قبل ازیں رواں سال مئی میں آرمی چیف نے 2 سابق فوجی افسران اور ایک سول افسر کی سزاؤں کی توثیق کی تھی۔

سزاؤں کی توثیق پر آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ سزا پانے والے افسران میں بریگیڈیئر (ر) راجا رضوان اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال اور سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ بریگیڈیئر (ر) راجا رضوان کو سزائے موت اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جبکہ سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کو بھی سزائے موت کی توثیق کی گئی تھی۔ ان افسران سے متعلق آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ تینوں مجرمان کو غیر ملکی ایجنسیوں کو حساس معلومات فراہم کرنے پر پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی۔
خبر کا کوڈ : 821382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش