QR CodeQR Code

ساحلی پٹی پر نئے شہر کی تعمیر، سندھ اور وفاق آمنے سامنے آگئے

11 Oct 2019 13:48

اپنے ردعمل میں وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاق ڈکٹیٹر مشرف کی طرح سندھ کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہا ہے، صوبوں کے وسائل پر قبضے کرنے کا سوچنے سے بہتر ہے کہ وفاق نوجوانون کو نوکریاں اور بے گھر افراد کو گھر دے، وفاقی حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے صوبوں کی ملکیت پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق کی جانب سے سندھ کے ساحلی پٹی پر نیا شہر بنانے پر سندھ حکومت نے اعتراض کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی پر وفاقی حکومت کی جانب سے نئے شہر کی تعمیر کے فیصلے پر سندھ حکومت اور وفاق آمنے سامنے آگئے ہیں۔ وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر وفاق کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، وفاق کو سندھ کی ملکیت پر ایسے قبضہ کرنے نہیں دیں گے، سمندر کی ساحلی پٹی بھنڈار وفاق کی نہیں بلکہ سندھ کی ملکیت ہے، وفاقی حکومت سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر ساحلی پٹی پر قبضہ نہیں کرسکتی۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر ساحلی پٹی پر کچھ بھی نہیں بناسکتی، سندھ کی ساحلی پٹی پر نیا شہر بنانے سے پہلے وفاق کو سندھ کو اعتماد میں  لینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق 18 ویں ترمیم کے بعد کسی بھی صوبے کے وسائل یا کام میں میں داخلت نہیں کرسکتا، وفاقی حکومت اپنے انصاف لنگر پر کام کرے ملک میں اب یہی کام رہ گیا تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق ڈکٹیٹر مشرف کی طرح سندھ کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہا ہے، صوبوں کے وسائل پر قبضے کرنے کا سوچنے سے بہتر ہے کہ وفاق نوجوانون کو نوکریاں اور بے گھر افراد کو گھر دے، وفاقی حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے صوبوں کی ملکیت پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 821436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821436/ساحلی-پٹی-پر-نئے-شہر-کی-تعمیر-سندھ-اور-وفاق-آمنے-سامنے-آگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org