0
Friday 11 Oct 2019 20:03

ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ڈاکٹرز، پیرامیڈکس سڑکوں پر، مریض خوار، آپریشن بھی منسوخ

ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ڈاکٹرز، پیرامیڈکس سڑکوں پر، مریض خوار، آپریشن بھی منسوخ
اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب نے ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں کے آوٹ ڈور آپریشن تھیٹر، ریڈیالوجی اور پتھالوجی میں ہڑتال کے اعلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملتان سمیت پنجاب بھر کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کیے رکھی، ملتان میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے نشتر ہسپتال کے آوٹ ڈور سمیت آپریشن تھیٹر، پتھالوجی اور ریڈیالوجی میں ہڑتال کی گئی، گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے زیراہتمام نشتر ہسپتال میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور ایپکا تنظیموں نے ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، رہنماوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے سرکاری ہسپتالوں کی غیراعلانیہ نجکاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، مختلف ہسپتالوں میں کنونشنز، آگاہی سیمینار، پریس کانفرنسز، سڑکوں پر احتجاج، آوٹ ڈورز کے سامنے احتجاج اور لانگ مارچ سمیت تمام تر آپشنز استعمال کیے گئے مگر حکومت وقت ٹس سے مس نہیں ہوئی اور اب چوری چھپے سے اس کالے قانون ایم ٹی آئی ایکٹ کو گیارہ اکتوبر سے شروع ہونے والے اسمبلی سیشن میں منظور کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں، جبکہ ہیلتھ اسٹینڈنگ کمیٹی پر دباو ڈال کر اس ایکٹ کو منظور کروا کے کیبنٹ ڈویڑن سے بھی منظوری لے لی گئی ہے، انہی حالات کے پیش نظر گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب نے مجبورا انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر نشتر ہسپتال کے آوٹ ڈور معائنہ کروانے اور انسولین لینے کے لئے آئے بزرگ مریض، خواتین، نوجوان اور بچوں نے آوٹ ڈور کے باہر فرش پر ڈیرے ڈال لیے، مریضوں کا کہنا تھا حکومت ڈاکٹروں کو ہڑتال سے روکے، آج نشتر ہسپتال میں نہ تو سی ٹی اسکین، ایم آر آئی کیا جا رہا ہے اور نہ کوئی ڈاکٹر چیک کر رہا ہے، ادھر کئی مریض ٹانگوں پر پلستر چڑھائے اسٹریچر پر لیٹے درد سے کراہتے رہے، ادھر نشتر ہسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور صحت سے منسلک تمام ایسوسی ایشنز کے کارکنان کی طرف سے تمام تر الیکٹیو سروسز بشمول آوٹ ڈورز، آپریشن تھیٹرز، ریڈیالوجی، پتھالوجی معطل کرنے کے باعث کئی آپریشن بھی منسوخ کر دئیے گئے جبکہ دوسری جانب نشتر انتظامیہ سرکاری ملازمین سے ڈیوٹی کروانے میں مکمل ناکام ہو گئی، اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے ہڑتال ختم کروانے کی کوشش کی اور وارڈ نمبر 9 کے ڈاکٹر افتخار بوبی کو مذاکرات کے لئے بھیجا تاہم وہ بھی ہڑتال ختم کروانے میں ناکام رہے۔
خبر کا کوڈ : 821488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش