0
Friday 11 Oct 2019 20:03

عوام کو غریب کرکے معیشت مستحکم نہیں کی جا سکتی، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

عوام کو غریب کرکے معیشت مستحکم نہیں کی جا سکتی، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ عوام کی آمدنی کم کرکے معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے ماہرین خود فریبی میں مبتلا ہیں، بجلی گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکس بڑھانے سمیت مختلف اقدامات سے عوام سے انکی خون پسینے کی کمائی چھین کر کنگال کیا جا رہا ہے جو ایک ناکام پالیسی ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضروریات پوری نہیں ہورہیں تو عوام دیگر اشیاء کی خریداری کیسے کرے، عوام اشیائے ضروریہ کے علاوہ کسی چیز کی خریداری نہیں کررہے ہیں، اس لئے فیکٹریوں میں تیار ہونے والا سامان فروخت نہیں ہورہا جس سے کارخانے پیداوار کم یا بند کرکے ملازمین کو فارغ کررہے ہیں، جس سے ملک میں بے روزگاری اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری مقامی منڈی پر انحصار کرتی ہے کیونکہ تین سو ارب ڈالر کی معیشت کی برآمدات صرف انیس ارب ڈالر ہیں یعنی صنعتی زرعی اور خدمات کے شعبوں کو مقامی منڈی نے ہی قائم رکھا ہوا ہے جسے آئی ایم ایف کی ہدایت پر کمزور کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مغل نے کہا کہ موجودہ شرح سود سے صرف حکومت اور کمرشل بینکوں کو فائدہ ہو رہا ہے جبکہ دیگر شعبوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے،اس شرح سود میں پاکستان تو کیا امریکہ یا چین کے بزنس مین بھی کاروبار نہیں چلا سکتے ہیں، شرح سود کو کم کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے، موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے حکومت کو جلد ہی دوبارہ آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 821489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش