0
Friday 11 Oct 2019 21:08

اگر مجھے صوبائی نشست پر منتخب کیا جاتا تو آج ملتان کا نقشہ کچھ اور ہوتا، وزیرخارجہ کا ملتانیوں سے شکوہ

اگر مجھے صوبائی نشست پر منتخب کیا جاتا تو آج ملتان کا نقشہ کچھ اور ہوتا، وزیرخارجہ کا ملتانیوں سے شکوہ
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت مسئلہ کشمیر 54 سالوں بعد سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ آج دنیا کے کونے کونے میں نعرہ لگ رہا ہے کشمیر بنے گا پاکستان، سلامتی کونسل کے اجلاس سے باہر 25 سے 30 ہزار افراد آپ کے وزیراعظم کے استقبال کے لیے کھڑے تھے، قطر، سعودی عرب اور یو اے ای پاکستان کی مدد نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، سی پیک 2 پر جلد کام کا آغاز ہو رہا ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں کچھ نہیں ہونے والا، نوجوانوں کی بدولت عمران خان وزیراعظم بنے، تحریک انصاف میں نوجوانوں کا کردار مثالی ہے، نوجوان پیپلزپارٹی اور نون لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں آئے اور انہی نوجوانوں کی بدولت ملک میں تبدیلی آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میرج ہال میں تحریک انصاف کے کارکن شیخ مظہر عباس اور ان کے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے تھے مان لیتے ہیں مرکز میں تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی پنجاب میں نون لیگ کی حکومت ہوگی لیکن نوجوانوں کی بدولت پنجاب میں تبدیلی کی لہر چلی اور نون لیگ کے اقتدار کا خاتمہ ہوا، پنجاب میں ایک طویل عرصہ بعد خوشگوار تبدیلی آئی، اگلی بار سندھ میں بھی تبدیلی کا پہیہ چلے گا اور پی ٹی آئی اقتدار میں آئیگی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بحرانوں کی صورت میں ملی، خزانہ خالی تھا ان حالات میں ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے، ڈالر مہنگا ہوگا تو مہنگائی بھی بڑھتی ہے تاہم ملکی معیشت استحکام کی طرف آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رائے کا احترام کرتا ہوں تاہم انہوں نے کہا اگر مجھے صوبائی نشست پر منتخب کیا جاتا تو آج ملتان کا نقشہ کچھ اور ہوتا، ملتان کے ترقیاتی کاموں میں تیزی آتی۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سے کوئی اختلاف نہیں ان کا دل سے احترام کرتا ہوں، ان کے ساتھ جو بھی معاملات تھے وہ دفن کرکے حج پر گیا، عمران خان کو آج بھی مخلص اور متحد دوستوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو سورج کنڈ روڈ اور سوئی گیس روڈ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156 میرا گھر ہے، یہاں کی عوام نے مجھے عزت دی ان کا منتخب نمائندہ پوری دنیا میں پاکستان کی وکالت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156 کے لیے ایک ارب روپے کے خطیر بجٹ سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے، میرا ماضی گواہ ہے جب بھی اقتدار ملا وسائل اور توانائیاں حلقے اور عوام کی ترقی پر خرچ کیے۔
خبر کا کوڈ : 821496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش