0
Friday 11 Oct 2019 21:21

حکومت ڈنڈے اور طاقت کے ذریعے عوامی جذبات دبا رہی ہے، جمشید دستی

حکومت ڈنڈے اور طاقت کے ذریعے عوامی جذبات دبا رہی ہے، جمشید دستی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں کسان، مزدور اور تاجر طبقہ تباہ ہو چکا ہے، ملک خونی انقلاب کی طرف جا رہا ہے، عمران خان کی نااہلی کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، حکومت کو مزید چند ماہ دیے گئے تو ملک مکمل بیٹھ جائے گا، ڈنڈے اور طاقت کے زور پر حکومت نہیں چل سکتی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ سابق ایم این اے جمشید احمد دستی نے مظفرگڑھ ہریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج انگریز دور کی یاد تازہ ہو گئی ہے، انگریز بھی اپنے غلام جاگیرداروں کا ظلم قائم رکھنے کے لئے جاگیرداروں کی مرضی کے ایس ایچ اوز تعینات کرتا تھا اور آج پی ٹی آئی کی حکومت میں بھی عوام کو انہیں وڈیروں، جاگیر داروں، کھوٹے سکوں کی مرضی کے تھانیداروں کے ذریعے ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مافیا بڑے بڑے بھتہ خوروں اور ظالم جاگیرداروں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد میں نے اپنا راستہ الگ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریب دو وقت کی روٹی سے تنگ ہے، کسان تباہی کا شکار ہوچکا، مزدور ختم ہوگیا، تاجر بدحال ہوگیا مگر انصاف کی حکومت مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا ملک اقتصادی طور پر تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے مگر حکومت ڈنڈے اور طاقت کے ذریعے عوامی جذبات دبا رہی ہے۔ انہوں نے کہا جو بولے گا مارا جائے گا مگر حکومت کا اندازہ نہیں کہ ملک طاقت اور ڈنڈے سے نہیں کارکردگی سے چلتا ہے۔ انہوں نے کہا ڈنڈے کے زور پر سب اچھا کا راگ الاپ کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیر عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، سعودیہ عرب، امارات، ایران اور چین پاکستان کی حمایت چھوڑ چکے ہیں، ہماری خارجہ پالیسی ناکام اور سفارتکاری ختم ہوچکی ہے مگر پھر بھی قوم کو ہر روز جھوٹ کی نئی کہانی سنائی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو چند ماہ مزید دیے گئے تو ملک کے استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 821500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش