QR CodeQR Code

فضل الرحمان کا ایجنڈا انتشار اور اپنی ذات کی تسکین ہے، اسد نقوی

11 Oct 2019 22:18

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ ہر دور حکومت میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے سے ایک سال اقتدار سے دوری برداشت نہیں ہو رہی، مولانا فضل الرحمان جن جماعتوں پر انحصار کر کے اسلام آباد لاک ڈاون کرنا چاہتے ہیں وہ درحیققت مولانا فضل الرحمان کو دھکیل کر اسلام آباد لانا چاہتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ذاتی مفاد اور اقتدار کی ہوس کیلئے دھرنا دینے والوں کے مخالف ہیں، احتجاج ہر پاکستانی شہری کا حق ہے لیکن مولانا کا ایجنڈا انتشار اور اپنی ذات کی تسکین ہے۔ ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن وزیراعلی پنجاب و مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم پاکستان سید اسد عباس نقوی نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور حکومت میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے سے ایک سال اقتدار سے دوری برداشت نہیں ہو رہی، مولانا فضل الرحمان جن جماعتوں پر انحصار کر کے اسلام آباد لاک ڈاون کرنا چاہتے ہیں وہ درحیققت مولانا فضل الرحمان کو دھکیل کر اسلام آباد لانا چاہتی ہیں۔ اسد نقوی کا کہنا تھا کہ کیا ن لیگ اور پی پی پی کے پاس ایسے کارکن ہیں جو مولانا فضل الرحمان کے نعروں پر لبیک کہیں گے؟ پورے پنچاب میں پی پی پی اور ن لیگ کے احتجاجات اور پروگرامات میں چند چہرے ہی ہر جگہ نظر آتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ایک بے مقصد اور بے وقت کی راگنی ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا اتنا عرصہ کشمیر کا مسئلہ دکھائی کیوں  نہیں دیا؟ آج کرسی کیلئے مولانا مدارس کے طلباء کو یرغمال بنا کر اسلام آباد لانے کا پلان بنا رہے ہیں، یہ جدوجہد اگر کشمیر کیلئے کی ہوتا تو آج پورا پاکستان مولانا کیساتھ کھڑا ہوتا مگر مولانا کی جدوجہد محض کرسی کیلئے جو اب کبھی انہیں نہیں ملے گی۔


خبر کا کوڈ: 821512

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821512/فضل-الرحمان-کا-ایجنڈا-انتشار-اور-اپنی-ذات-کی-تسکین-ہے-اسد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org