0
Saturday 12 Oct 2019 07:28

سعودی عرب کی درخواست پر امریکہ 3 ہزار اضافی فوجی اور ساز و سامان بھیجے گا، پینٹاگان

سعودی عرب کی درخواست پر امریکہ 3 ہزار اضافی فوجی اور ساز و سامان بھیجے گا، پینٹاگان
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اضافی 3 ہزار فوجیوں اور فوجی ساز و سامان سعودی عرب میں تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امریکا کے سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے 2 پیٹریوٹ میزائل بیٹریز، ایک تھاڈ بیلسٹک میزائل انٹرسیپشن سسٹم، 2 فائٹر اسکواڈرنز اور ایک فضائی ونگ کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری مارک ایسپر نے سعودی عرب کے دفاع کو مظبوط بنانے کے لیے اضافی فوج کی تعیناتی کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو آگاہ کردیا ہے۔ کہا گیا کہ امریکا نے رواں ماہ سعودی عرب میں 3 ہزار اضافی فوج کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تعیناتیاں خطے میں موجود خطرات اور محمد بن سلمان سے ایرانی جارحیت کی کوششوں سے تحفظ کے حوالے سے بات چیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے اضافی تعاون کی درخواست کی تھی۔

امریکا کے محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سینٹرل کمانڈ میں رواں سال مئی کے مہینے سے اب تک 14 ہزار اضافی فوج تعینات کی جاچکی ہیں۔ ستمبر کے مہینے میں امریکا نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد سعودی عرب میں پیٹریوٹ میزائلز اور 200 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ 14 ستمبر کو سعودی عرب میں حکومت کے زیر انتظام چلنے والی دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے 2 پلانٹس پر ڈرون حملے کیے گئے تھے۔ سعودی حکام کے مطابق ڈرون حملوں سے تیل کی تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر قابو پالیا گیا تھا۔ سعودی پریس ایجنسی نے سعودی وزارت داخلہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ابقیق اور خریص میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی جبکہ اس کے عسکری ترجمان نے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو مستقبل میں بھی ایسے مزید حملوں کی توقع رکھنی چاہیے۔ تاہم امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈرون حملوں میں ایران براہ راست ملوث ہے۔ بعد ازاں سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ڈرون اور میزائل کی باقیات پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ایرانی جارحیت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 821537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش