0
Saturday 12 Oct 2019 11:39

حکومت اور جے یو آئی (ف) میں معاملات طے کرانے کیلئے سعودی سفیر متحرک

حکومت اور جے یو آئی (ف) میں معاملات طے کرانے کیلئے سعودی سفیر متحرک
اسلام ٹائمز۔ مولانا فضل الرحمان کیساتھ حکومت کے معاملے طے کروانے کیلئے سعودی سفیر میدان میں آ گئے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سعودی عرب گئے ہوئے تھے تاہم حکومت کی درخواست پر فوری طور پر پاکستان آئے اور جے یو آئی (ف) کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے بعد واپس سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ ملاقات میں سعودی سفیر نے جے یو آئی (ف) کی قیادت کو حکومت کیخلاف دھرنا نہ دینے کیلئے کہا، جس پر جے یو آئی کی قیادت نے دھرنا نہ دینے پر مشروط رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارچ ضرور کریں گے، اسلام آباد پہنچیں گے جہاں جلسہ ہوگا اور جلسے کے بعد وہ پُرامن طور پر منتشر ہو جائیں گے جبکہ دھرنا نہیں دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دھرنا نہ دینے کی صورت میں جے یو آئی (ف) کی قیادت نے مطالبہ سامنے رکھا ہے کہ حکومت کو تبدیل کر دیا جائے جس پر سعودی سفیر نے اس حوالے سے حکومت کی ’’بااثر شخصیت‘‘ سے بات کرکے جواب دینے کا کہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’با اثر شخصیت‘‘ عمران خان کو مزید کچھ عرصہ اقتدار میں رکھنے کی خواہاں ہے، تاہم اس حوالے سے اب مختلف پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات سعودی عرب کے سفیر اور مولانا فضل الرحمان کی جلد ہی ایک اور ہونیوالی ملاقات میں فائنل ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی مولانا فضل الرحمان سے تصادم نہیں چاہتے۔ وزیراعظم کے 13 اکتوبر کو دورہ سعودی عرب میں اس حوالے سے اہم پیشرفت کا امکان ہے۔ عمران خان محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب جا رہے ہیں جہاں وہ ایران سعودی عرب کشیدگی میں اہم کردار کیساتھ ساتھ پاکستان میں اپوزیشن کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ عمران خان کو سعودی عرب میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 821569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش