0
Saturday 12 Oct 2019 12:30

میری والدہ کا سیاسی کردار ختم کرنے کیلئے آصف زرداری پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے گئے، بختاور بھٹو

میری والدہ کا سیاسی کردار ختم کرنے کیلئے آصف زرداری پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے گئے، بختاور بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کا کہنا ہے کہ والد کے خلاف مقدمات فقط انتقام ہے۔ عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں، صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات فقط انتقام ہے۔ نیازی حکومت کا کرپشن کے خلاف اقدامات واقعتاً منافقت اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ بختاور بھٹو نے کہا کہ میری والدہ کا سیاسی کردار ختم کرنے کے لئے میرے والد پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔ مذموم سازش کے تحت 90 کی دہائی سے میرے والد کے خلاف لغو الزامات لگانا شروع کئے گئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ میرے والد نے بطور سیاسی رہنما جب کبھی جرات مندانہ قدم اُٹھایا، جھوٹے الزامات اُن کی ذات پر تھونپ دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے والد کو پہلے بھی جھوٹے الزامات کے تحت 11 سال جیل میں قید رکھا گیا۔ بعدازاں عدالتوں نے انہیں مذکورہ تمام الزامات سے باعزت بری کیا۔ 2010ء میں میرے والد کی زیرِ قیادت حکومت نے آئینی اصلاحات متعارف کرائیں۔ مذکورہ اصلاحات کے تحت صدر کو حاصل وہ اختیارات ختم کردیئے گئے، جو ماضی میں فوجی آمروں نے بنائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے والد جیل میں تھے، تب ہم اپنی والدہ کی شفقت کے زیرِ سایہ چھوٹے بچے تھے۔ دوران انٹرویو بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ بھیانک حقیقت ہم سے چھپائی جارہی ہے کہ ہمارے والد پر جیل میں کیا کیا ظلم ہو رہے ہیں۔ اب ان کی دوری ہمارے لئے حبسِ دم جیسی ہے۔ میرے والد عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، ہائی بلڈ، شگر سمیت دیگر امراض بھی انہیں لاحق ہیں جبکہ حکومت میرے والد کی درست انداز میں میڈیکل ٹیسٹ کروانے کی اجازت دینے سے بھی گریزاں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ والد کو وہ طبی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں، جو بطور شہری اور سابق صدر ان کا حق ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ حد ہے، انہیں جیل کی کھولی میں ایک چھوٹا سا فرج رکھنے بھی نہیں دیا جا رہا کہ جس میں وہ انسولین رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پارلیمان کی بالادستی، انسانی حقوق، مساوات اور جمہوریت کے متعلق اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، وہ پُرعزم، دوراندیش اور بااُصول نوجوان سیاسی رہنما ہیں۔ بلاول بھٹو آئندہ نسلوں کی بہتری کے لئے سرگرم عمل ہیں اور وہ پاکستان میں سیاست کے لئے پرفیکٹ فِٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا بالکل بھی ارادہ نہیں ہے، بطور چیئرپرسن زیبسٹ کام کرنا باعثِ خوشی ہے۔ میں ٹوئٹر پر بہت سرگرم ہوں، لیکن حکومتی معاملات سے بالکل دور ہوں۔ انٹرویو کے اختتام میں بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے اپنے نانا، ماموں اور والدہ کو کھو دیا، سیاست میں ایک خاندان کا بہت خون بہایا گیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 821602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش