0
Saturday 12 Oct 2019 19:52

وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی گونج پوری دنیا میں پہنچ چکی ہے، حامد سعید کاظمی

وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی گونج پوری دنیا میں پہنچ چکی ہے، حامد سعید کاظمی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام ملتان میں شاہی عید گاہ کے سامنے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی، کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے ظلم و ستم کی وجہ سے گھر گھر قبرستان میں تبدیل ہو رہا ہے، اب تک 35 ہزار خاندان ہجرت کرکے آزاد کشمیر میں پناہ لینے کے لئے آچکے ہیں، پاکستان کے دفاع اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لئے جانوں کی قربانی دینے کی ضرورت پڑی تو کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے، وقت آنے پر کشمیر بھی پہنچیں گے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم عمران خان کی گونج پوری دنیا میں پہنچ چکی ہے، اگر اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی تو پسی ہوئی امت مسلمہ اپنی نئی اقوام متحدہ تشکیل دیدے۔ جماعت اہلسنت پنجاب کے ناظم اعلی علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا کہ آج جب ہم جس نازک دہرائے پر کھڑے ہیں اور مولانا فضل الرحمن ماہ ربیع الاول کے مہینہ میں نبی کریم کی ولادت باسعادت کے دوران جشن عید میلادالنبی منانے کے موقع پر اسلام آباد میں دھرنا دینے جارہے ہیں اس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ریلی میں جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی، مذہبی سکالر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، قاضی بشیر احمد گولڑوی، قاری رمضان شاہ فیضی، قاری خادم سعیدی، سلمان سعیدی، زاہد سعیدی، وسیم سعیدی بھی موجود تھے۔

 علامہ سیدحامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ ہم بارڈر تک نہیں جاسکتے لیکن ہمارے جذبات تو مظلوم کشمیریوں اور دنیا بھر میں جاسکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 67 دن گزر چکے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کو نہ تعلیم کی سہولت ہے اور نہ ہی صحت سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں، یہاں تک کہ وہاں پر مساجد کو بھی تالے لگے ہیں اور انہیں نماز جمعہ تک پڑھنے کی اجازت نہیں ہے، افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ وہ اپنے وفات پا جانے والے پیاروں کو گھروں میں ہی نماز جنازہ پڑھ کر گھروں میں ہی دفن کرنے پر مجبور ہیں، کشمیریوں کا ایک ایک گھر قبرستان بن رہا ہے، آج پوری دنیا پر یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ مودی حکومت کسی طرح مظلوم کشمیریوں پر بربریت کا مظاہرہ کر رہی ہے، یہاں تک کہ ہیومن رائٹس کے نمائندوں کو بھی مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں ہے کہ وہ کشمیر میں جاکر اصل صورتحال سے آگاہ ہو کر دنیا کو بتاسکیں، اگر آنے والے وقتوں میں کشمیر بھی جانے کی ضرورت پڑی تو کشمیر بھی پہنچیں گے، علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی گونج پوری دنیا میں پہنچ چکی ہے، دنیا کو پتہ چل چکا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ظلم و ستم ہو رہا ہے، ہم وزیراعظم کے اس خطاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 821707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش