QR CodeQR Code

رابطہ کمیٹی ہوش کے ناخن لے، جو کارکنان فاروق ستار کے پاس آنا چاہیں انہیں آنے دیں، شاہد پاشا

12 Oct 2019 21:19

عدالت میں سماعت کے بعد ایم کیو ایم کے منحرف رہنما شاہد پاشا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رابطہ کمیٹی نے غیر آئینی و قانونی طریقے سے ڈاکٹر فاروق ستار کو ہٹایا، مجھے میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ رابطہ کمیٹی نے مجھے ڈپٹی کنوینر شب سے اور پارٹی رکنیت سے خارج کردیا، خالد مقبول صدیقی فوری اس طرح کے غیر آئینی و قانونی اقدامات کو روکیں۔


اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو پاکستان مخالف نعروں، جلا گھیراؤ اور دہشتگردی کے مقدمات میں مدعی مقدمہ عبدالغفار سندھو کا بیان قلمبند کرلیا، آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا بیان پر جرح کریں گے۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو پاکستان مخالف نعروں، جلا گھیراؤ اور دہشتگردی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، کنور نوید جمیل، قمر منصور، شاہد پاشا و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ مدعی مقدمہ عبدالغفار سندھو بھی عدالت کے روبرو پیش ہوا۔ مدعی مقدمہ عبدالغفار سندھو نے بیان عدالت میں قلمبند کرایا۔ مدعی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ 22 اگست تقریر والے روز میں موقع پر موجود تھا۔ الطاف حسین نے تقریر میں فاروق ستار کو گالیاں دیں، اس کے بعد عامر خان نے تقریر کرکے کارکنوں کو اکسایا، کمرہ عدالت میں موجود پارٹی رہنماں کو جانتا ہوں، بیان میں گواہ نے کہا کہ ان پارٹی رہنماؤں کو 17 سے 22 اگست کے دوران کیمپ میں مختلف اوقات میں دیکھا تھا، جائے حادثہ کے وقت 11 لوگوں کو موقع پر گرفتار کیا، کیمپ اور سامان تحویل میں لیا، اس کے بعد تھانے آکر ایف آئی آر درج کی، عدالت میں تفتیشی افسر کی جانب سے کیس پراپرٹی بھی پیش کی گئی، کیس پراپرٹی میں چلے ہوئے کارتوس، آنسو گیس کے خول اور گرفتار کارکنوں کی چیزیں شامل ہیں، آئندہ سماعت ملزمان کے وکلاء مدعی مقدمہ کے بیان پر جرح کریں گے، عدالت نے مزید سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد ایم کیو ایم کے منحرف رہنما اور سابق رکن رابطہ کمیٹی شاہد پاشا نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ رابطہ کمیٹی ہوش کے ناخن لے، سینئر کارکنان حق اور سچ کی خاطر جو ڈاکٹر فاروق ستار کے  پاس آنا چاہیں انہیں آنے دیں، جو کارکنان ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں رابطہ کمیٹی انکی رکنیت سرکلر کے ذریعے معطل کررہی ہے، اگر رابطہ کمیٹی نے اس طرح کے اقدامات کو نہ روکا تو کارکنان کا صبر جواب دے جائے گا۔ شاہد پاشا نے کہا کہ ایسا نہ ہو کارکنان عارضی مرکز کا گھیراؤ کرلیں اور ان لوگوں کو سبق سکھائیں، رابطہ کمیٹی نے غیر آئینی و قانونی طریقے سے ڈاکٹر فاروق ستار کو ہٹایا، مجھے میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ رابطہ کمیٹی نے مجھے ڈپٹی کنوینر شب سے اور پارٹی رکنیت سے خارج کردیا، خالد مقبول صدیقی فوری اس طرح کے غیر آئینی و قانونی اقدامات کو روکیں، خالد مقبول کو چاہیئے بلدیاتی الیکشن سر پر ہیں ایم کیو ایم کو متحد کرنے کا سوچیں۔


خبر کا کوڈ: 821719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821719/رابطہ-کمیٹی-ہوش-کے-ناخن-لے-جو-کارکنان-فاروق-ستار-پاس-آنا-چاہیں-انہیں-آنے-دیں-شاہد-پاشا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org