QR CodeQR Code

امام احمد رضا بریلوی باطل قوتوں کے مقابلے میں حق کی چٹان تھے، آصف جلالی

12 Oct 2019 21:45

امام احمد رضا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ احمد رضا بریلوی نے اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یہود ہنود کے ایجنٹ اور کانگریسی ملاؤں کا سر قلم کی طاقت سے خم کیا اور ان کے مکروہ چہروں اور اسلام دشمن سازشوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو آگاہی دی۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے زیراہتمام جامعہ غوثیہ احسن المدارس لاہور امام احمد رضا خاں بریلوی کی یاد میں امام احمد رضا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ محمد احسان الحق قادری نے کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) کے سربراہ اور تحریک  صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا امام احمد رضا خاں بریلوی کے اعتقادی، فقہی اور سیاسی نظریات نے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کیا۔ امام احمد رضا بریلوی باطل قوتوں کے مقابلے میں حق کی چٹان تھے۔ انہوں نے اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یہود ہنود کے ایجنٹ اور کانگریسی ملاؤں کا سر قلم کی طاقت سے خم کیا اور ان کے مکروہ چہروں اور اسلام دشمن سازشوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو آگاہی دی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک امام احمد رضا بریلوی کی پیروی کرتے ہوئے اسلام اور ملک دشمن قوتوں کیخلاف علم جہاد بلند رکھے ہوئے ہے، نظریہ پاکستان کا تحفظ کرتے ہوئے اسلام کی سر بلندی اور ملکی سلامتی کیلئے پر امن جدوجہد کرتے رہیں گے۔ مغربی میڈیا کی یلغار اور گستاخانہ سوچ کا مقابلہ کرنے کیلئے امام احمد رضا کی تعلیمات کو عام کرنا ضروری ہے۔ امام احمد رضا ایک نابغہ روزگار شخصیت اور اُمت کے بہت بڑے مصلح تھے۔ انہوں نے بر صغیر کے مسلمانوں کی بر وقت اور صحیح سمت میں رہنمائی کی۔ انہوں نے اپنے علم اور قلم کے ذریعے مسلمانان برصغیر کو بیدار کیا اور انہیں برطانوی سامراج اور ہندووں کی سیاہ کاریوں پر مطلع کیا۔ انہوں نے دو قومی نظریہ کی بنیادی تعلیمات کو اجاگر کیا جس کے نتیجے میں پاکستان جیسی عظیم سلطنت معرض وجود میں آئی۔ یقینا آج پاکستان کی بقا دو قومی نظریے کو زندہ رکھنے ہی سے ممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 821730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821730/امام-احمد-رضا-بریلوی-باطل-قوتوں-کے-مقابلے-میں-حق-کی-چٹان-تھے-ا-صف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org