QR CodeQR Code

ایک ارب روپے کی لاگت سے سکردو میں جدید ہسپتال بنایا جا رہا ہے، افضل علی شگری

13 Oct 2019 11:02

معرفی فاؤنڈیشن کے لائف ٹرسٹی و سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس نے سکردو میں معرفی فاؤنڈیشن کے تحت زیر تعمیر 100 بیڈ ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سو بیڈ کا ہسپتال جدید سہولتوں سے مزین ہو گا، جدید قسم کی ڈائیگنوسٹک لیبارٹری بھی بنائی جا رہی ہے، اس میں تمام ٹیسٹ بھی ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ معرفی فاؤنڈیشن کے لائف ٹرسٹی و سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس افضل علی شگری نے کہا ہے کہ سکردو میں ایک ارب روپے کی لاگت سے جدید طرز کا ہسپتال بنایا جا رہا ہے، جس میں صحت کی تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہونگی، خواتین اور بچوں کے فوری علاج پر خصوصی توجہ دی جائیگی، مریضوں سے معقول فیسیں لی جائیں گی، البتہ جو مریض مستحق اور ضرورت مند ہونگے ان کے علاج کے اخراجات معرفی فاؤنڈیشن خود برداشت کرے گی، ساتھ ہی بیت المال سے مدد لی جائیگی۔ سکردو میں معرفی فائونڈیشن کے تحت زیر تعمیر 100 بیڈ ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال سے جو آمدنی حاصل ہو گی اس کا ایک فیصد ویلفیئر فنڈ میں جمع ہو گا، ویلفیئر فنڈ صرف مستحق اور ضرورت مند افراد کیلئے قائم کیا گیا ہے، زیادہ ضرورت مند افراد کے علاج و معالجے کے سارے اخراجات معرفی فاونڈیشن برداشت کریگا۔ انہوں نے کہا کہ سو بیڈ کا ہسپتال جدید سہولتوں سے مزین ہو گا، جدید قسم کی ڈائیگنوسٹک لیبارٹری بھی بنائی جا رہی ہے، اس میں تمام ٹیسٹ بھی ہونگے، صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، امید ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہماری مدد بھی کرے گی۔ پلاسٹک سرجری پہلے یہاں ممکن نہیں تھی اب اس کو ممکن بنایا جا رہا ہے جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔


خبر کا کوڈ: 821761

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821761/ایک-ارب-روپے-کی-لاگت-سے-سکردو-میں-جدید-ہسپتال-بنایا-جا-رہا-ہے-افضل-علی-شگری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org