QR CodeQR Code

کوہستان ميں ڈسٹرکٹ ايجوکيشن افسر قتل

13 Oct 2019 11:42

ڈی پی او کوہستان کے مطابق نواب علی نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کو قتل کیا گیا ہے، نواب علی کا تعلق سوات سے تھا، چند ماہ پہلے ان کا تبادلہ کر کے کوہستان میں تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ضلع کوہستان میں کچھ دن بعد کلاس فور کی بھرتیاں بھی ہونی تھیں جس کیلئے بااثر شخصیات کی جانب سے نواب علی پر کافی دباؤ تھا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواب علی کو نامعلوم افراد نے گھر کے اندر قتل کر دیا۔ ضلع کوہستان کے تھانہ پالس پولیس کے مطابق نواب علی کی لاش ہفتے کو ان کے دفتر سے ملی ہے، ان کو ایک گولی سینے اور دوسری گردن پر لگی ہے۔ ابتدائی طور پر واقعہ کو خودکشی کا رنگ دیا گیا تھا، مگر پولیس نے تفتیش کے بعد واقعہ کو قتل قرار دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان افتخار کے مطابق نواب علی نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کو قتل کیا گیا ہے۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے معاملے کی شفاف انکوائری کی ہدایت کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواب علی کا تعلق سوات سے تھا، چند ماہ پہلے ان کا تبادلہ کر کے کوہستان میں تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ضلع کوہستان میں کچھ دن بعد کلاس فور کی بھرتیاں بھی ہونی تھیں جس کیلئے بااثر شخصیات کی جانب سے نواب علی پر کافی دباؤ تھا۔ واضح رہے کہ کوہستان پالس میں سرکاری اسکولوں کی صورتحال پہلے ہی بہت خراب ہے جبکہ خواتین شرح خواندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ علاقہ مکینوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ ڈی ای او کے قتل کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کو مزید نقصان پہنچے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 821763

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821763/کوہستان-ميں-ڈسٹرکٹ-ايجوکيشن-افسر-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org