0
Sunday 13 Oct 2019 17:57

حافظ غلام فرید منہاج القرآن لاہور کے صدر منتخب ہو گئے

حافظ غلام فرید منہاج القرآن لاہور کے صدر منتخب ہو گئے
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کی ضلعی تنظیم کے انتخابات مکمل ہو گئے۔ انتخابات کی نگرانی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور اور نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی۔ منہاج القرآن لاہور کی جملہ تنظیمات علماء کونسل، یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران، منہاج القرآن لاہور کے رفقاء(ممبرز) نے انتخابی عمل میں حصہ لیا اور ووٹ ڈالے۔ مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن لاہور میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے اور ووٹوں کی گنتی کے بعد ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور اور محمد رفیق نجم نے نو منتخب عہدیداران کا باضابطہ اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق حافظ غلام فرید منہاج القرآن لاہور کے صدر، اشتیاق حنیف مغل ناظم اور حاجی محمد حنیف ناظم مالیات منتخب ہوئے۔ لاہور کی جملہ تنظیمات نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے انتخابی عمل کے تمام مراحل کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ نو منتخب عہدیداران کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیر(ر) اقبال احمد خان ،ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلی محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، چودھری افضل گجر و دیگر رہنماوں نے مبارکباد دی۔ خرم نواز گنڈا پور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ منہاج القرآن اصلاح احوال اور تجدید دین کی عالمگیر تحریک ہے امن، محبت کا فروغ اور انسانیت کی خدمت منہاج القرآن کا مشن ہے، ڈاکٹر طاہر القادری نے موجودہ نظام کی اصلاح کیلئے ہمیشہ اور قابل عمل تجاویز دیں، سانحہ ماڈل ٹاون جیسے اندوہناک واقعات اس نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، 5 سال گزر گئے 14 شہداء کے ورثا کو انصاف نہیں ملا۔

نو منتخب صدر حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو پورے لاہور میں آرگنائز کیا جائے گا بہت جلد ضلعی، تحصیلی و یونین کونسل سطح پر تنظیم سازی مکمل کی جائے گی، عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا، عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور ہر سال کی طرح اس سال بھی میزبانی کرے گا اور صرف لاہور شہر سے لاکھوں مرد و خواتین کانفرنس میں شرکت کر کے اپنے آقا و مولا حضور نبی اکرم ﷺ سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 821768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش