0
Sunday 13 Oct 2019 18:25

ملک میں انتشار کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، طاہر اشرفی

ملک میں انتشار کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہو گی، حکومت اور مولانا فضل الرحمن مفاہمت سے معاملات کو حل کریں، ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں مظلوم کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے یوم کے طور پر منایا جائے گا، ماہ ربیع الاول و ثانی ملک بھر میں ماہ رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منائیں گے، 23 فروری کو یوم تاسیس اور 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی، وزیراعظم اور آرمی چیف کی طرف سے مسلم ممالک کے درمیان مصالحانہ کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت کے آئین، قانون اور شریعت کے دائرے میں تمام اقدامات کی حمایت کریں گے، غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر شرعی امور میں محاسبہ کریں گے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ کے اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا ایوب صفدر، مولانا عبدالحمید وٹو، مولانا زبیر عابد، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن، مولانا اسعد زکریا، مولانا اسعد الرحمن سعید، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا عمار بلوچ، مولانا حاجی محمد طیب قادری، مولانا عبدالقیوم فاروقی اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل محاذ آرائی، تشدد و فساد کی سیاست نہیں چاہتی، پاکستان علماء کونسل کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہو گی، حزب اختلاف اور حزب اقتدار باہمی مفاہمت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کریں، آزادی مارچ سے تبلیغی اجتماع میں آنیوالے شرکاء کا بھی متاثر ہونے کا خدشتہ ہے، لہذا پاکستان اور عالم اسلام کے حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں کسی بھی انتشار اور فساد کو نہ پھیلنے دیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 فروری کو یوم تاسیس اور 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس ہو گی، ماہ ربیع الاول، ماہ ربیع الثانی کو ماہ رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منایا جائے گا۔ اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور سپہ سالار قوم جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے مسلم ممالک کے درمیان مصالحت کروانے کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی آئیل تنصیبات پر حملے قابل مذمت ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کیخلاف ہونیوالی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان جو مصالحتی کوششیں کر رہے ہیں، ملک بھر کے علماء و مشائخ اس کی مکمل تائید کرتے ہیں۔

اجلاس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ اجلاس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مکمل تائید کرتے ہیں کہا گیا کہ 18 اکتوبر کو ملک بھر میں جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا۔ پاکستان علماء کونسل اسلامی اور دیگر ممالک میں اپنے وفود ارسال کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ اجلاس میں ایک اور قرارداد میں ترک عرب تعلقات میں پیدا ہونیوالی صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا گیا کہ ترک عرب تعلقات کی خرابی سے مسلم امۃ مزید کمزور ہو گی اور شاہ سلمان بن عبد العزیز سے اپیل کی گئی کہ کشمیر، فلسطین، ایران، عرب، ترک عرب تعلقات میں پیدا ہونیوالی صورتحال پر فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جائے اور امت مسلمہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد سے کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 821838
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش