0
Sunday 13 Oct 2019 20:55

یمن کے مقابلے میں جموں و کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، سراج الحق

یمن کے مقابلے میں جموں و کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جس طرح کابل، سوویت یونین اور امریکی جارح فورسز کا قبرستان بنا ہے، اسی طرح بہت جلد سری نگر بھارت کا قبرستان بنے گا، پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کی پشت پر کھڑی ہے، حکمرانوں نے اگر مظلوم کشمیریوں کی مدد کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہ اٹھایا تو قوم کا ہاتھ ان کے گریبان پر ہوگا، وزیراعظم دوسروں کے مسائل حل کرانے کے لئے ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں جبکہ ان کے گھر پر آگ لگی ہوئی ہے، یمن کے مقابلے میں جموں و کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، مظلوم کشمیری خواتین بچے بزرگ جان کی بازی لگا کر کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں لیکن ہمارے حکمران ان کی آواز پر لبیک کہنے کی بجائے امریکا اور چین کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وہ جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے زیراہتمام بڑے "کشمیر مارچ" سے اسٹیشن روڈ پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر گوندل، سندھ اسمبلی کے رکن عبدالرشید، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ محمد عامر، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید، تاجر برادری کے رہنماء دولت رام نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، اسداللہ بھٹو ایڈوکیٹ، جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی، مرکزی رہنماء تسنیم معظم اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں، سعودیہ اور ایران کی صلح کرانا چاہتے ہیں جبکہ ان کے اپنے گھر میں آگ لگی ہوئی ہے، یمن کے مقابلے میں کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کیونکہ جغرافیائی نظریاتی اور معاشیاتی لحاظ سے جموں و کشمیر ہماری شہ رگ ہے جو دشمن کے قبضے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے نکلنے والے چار دریاؤں پر پاکستان کی خوشحالی کا انحصار ہے اور بھارت ان پر مستقل قبضہ رکھ کر ان کا بہاؤ روک کر پاکستان کو بنجر بنانے کی مسلسل سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے سرپرست کہتے تھے کہ ان کو 6 ماہ دیئے جائیں یہ بڑے جوہر دکھائیں گے لیکن اب یہ سب خلاء میں ہیں زمین سے ان کا کوئی رابطہ نہیں، معیشت کا انہوں نے بیڑا غرق کردیا ہے، نان ایشوز کو اچھال کر قوم کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیر کے ایشو کو عملاً نظرانداز کیا جا رہا ہے اس پر قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، حکمران یاد رکھیں کہ پورے ملک کے دیہات اور شہروں سے آخر عوام نکل کر ان کے اسلام آباد کے محلات کا گھیراؤ کریں گے اور انہیں بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔
خبر کا کوڈ : 821849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش