QR CodeQR Code

وفاقی حکومت کی آزادی مارچ کیلئے حکمت عملی تیار، مولانا کی گرفتاری زیر غور

13 Oct 2019 21:37

مولانا فضل الرحمٰن کے علاوہ انکے بھائیوں اور قریبی ساتھیوں کے پرانے کیسز بھی کھولنے کا امکان ہے۔ حکومتی وزیر ڈیرہ اسماعیل خان میں زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کو نیب سے تحقیقات کروانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے وزیراعلٰی، گورنر، وزیر قانون، وزراء اور اتحادیوں سے تجاویز طلب کرلیں۔ ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمٰن کی ممکنہ گرفتاری بھی زیرغور ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے علاوہ انکے بھائیوں اور قریبی ساتھیوں کے پرانے کیسز بھی کھولنے کا امکان ہے۔ حکومتی وزیر ڈیرہ اسماعیل خان میں زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کو نیب سے تحقیقات کروانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو پنجاب کے کن کن مدارس سے مدد مل سکتی ہے، وفاق نے اس حوالے سے بھی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا ساتھ دینے والی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماؤں کی فہرستیں بھی وفاق نے طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی پہلی ترجیح میں آزادی مارچ کو بیک ڈور کے ذریعے ناکام بنانا شامل ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی، گورنر پنجاب سمیت دیگر رہنماؤں کا حزب اختلاف جماعتوں سے جلد رابطے کا امکان ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی بیک ڈور ڈپلومیسی کا ٹاسک دے دیا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 821860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821860/وفاقی-حکومت-کی-آزادی-مارچ-کیلئے-حکمت-عملی-تیار-مولانا-گرفتاری-زیر-غور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org