QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے

ڈنڈا بردار باوردی فورس کیخلاف کارروائی کریں گے، شوکت یوسفزئی

جے یو آئی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے

13 Oct 2019 22:14

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈنڈا بردار جھتے دکھاکر سیاست نہیں ہوتی، بڑی مشکل سے ملک میں امن قائم ہوا، مولانا فضل الرحمان کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، اقتدار کے بغیر وہ مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے پیچھے پیسہ ہے تاہم وہ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا ہے کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایسا کرنے سے دور رہیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے غیر قانونی اقدام کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہماری حکومت گئی تو کیا مولانا وزیراعظم بن سکیں گے؟ ان کے پیچھےکون ہے؟ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا صاحب حکومت کےخلاف بے بنیاد مہم چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ باوردی فورس بناکر ڈنڈے لہرانے پر کارروائی ہو گی اور جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کے خلاف مقدمے بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پانچ ہزار کارکن اکھٹے کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم پشاور میں صرف 1200 سے زیادہ کارکن جمع نہیں کر سکے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈنڈا بردار جھتے دکھا کر سیاست نہیں ہوتی، بڑی مشکل سے ملک میں امن قائم ہوا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، اقتدار کے بغیر وہ مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فضل الرحمان کے پیچھے پیسہ ہے تاہم وہ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا کہ مدارس تو بہت زبردست ادارے ہیں تاہم وہاں کے بچوں کو بھی مولانا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی اور مشکل صورتحال کی بات تو ہم بھی کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 821864

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821864/ڈنڈا-بردار-باوردی-فورس-کیخلاف-کارروائی-کریں-گے-شوکت-یوسفزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org