QR CodeQR Code

متحدہ علماء بورڈ کا 18 اکتوبر کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

14 Oct 2019 18:32

رہنماوں کا مشترکہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل اختلافات کا خاتمہ ہے، متحدہ علماء بورڈ نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 72 سے زائد تحریروں اور تقریروں پر پابندی کی سفارش کی ہے۔ متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب علماء و مشائخ کیساتھ رابطوں کیلئے موثر کردار ادا کر رہا ہے، انتہا پسندی، دہشتگردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب انتہا پسندی، دہشتگردی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف بھرپور جدوجہد کر رہا ہے، متحدہ علماء بورڈ نے 72 سے زائد تحریروں اور تقریروں پر پابندی کی سفارش کی ہے، ملکی اور عالمی حالات کا تقاضا ہے کہ سیاسی و مذہبی قیادت افہام و تفہیم سے مسائل حل کریں، وزیراعظم اور سپہ سالار قوم کی طرف سے مختلف اسلامی ممالک کے درمیان صلح کیلئے کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، 18 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ یہ بات متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی، علامہ محمد حسین اکبر، مفتی ضیاءالحق نقشندی، پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی، علامہ عبدالحق مجاہد، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مفتی محمد علی نقشبندی، علامہ عبدالکریم ندیم اور دیگر ممبران نے کہی۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل اختلافات کا خاتمہ ہے، متحدہ علماء بورڈ نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 72 سے زائد تحریروں اور تقریروں پر پابندی کی سفارش کی ہے۔ متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب علماء و مشائخ کیساتھ رابطوں کیلئے موثر کردار ادا کر رہا ہے، انتہا پسندی، دہشتگردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں، محرم الحرام کے دوران متحدہ علماء بورڈ کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ و زاکرین نے عملدرآمد کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ احتجاجی اور تشدد کی سیاست کسی بھی صورت ملک و قوم کیلئے بہتر نہیں، سیاسی و مذہبی قیادت سے اپیل ہے کہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

رہنمائوں نے وزیر اعظم، عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے مسلم ممالک کے درمیان مصالحتی عمل کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کشمیر سمیت امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے، سعودی عرب، ایران کی قیادت کے درمیان مذاکرات کیلئے رابطہ کاری کا مسلم دنیا خیر مقدم کر رہی ہے۔ رہنمائوں نے وزیر اعظم کی طرف سے اقوام متحدہ میں کی جانیوالی تقریر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 821992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821992/متحدہ-علماء-بورڈ-کا-18-اکتوبر-کو-یوم-یکجہتی-کشمیر-منانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org