QR CodeQR Code

مزارات پر دھماکے کرنے والے اسلام و پاکستان کے دشمن ہیں، ثروت اعجاز قادری

14 Oct 2019 19:12

صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر چادر پوشی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ محکمہ اوقاف اور سندھ حکومت درگاہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار اور زائرین کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ شاہ عبدللطیف بھٹائی کا شمار دنیا کے عظیم شاعروں اور مفکروں میں ہوتا ہے، آپ نے امن، محبت، رواداری اور احترام انسانیت کا درس دیا، آپ کے کلام میں اسلامی روح، اسلام دوستی، حب الوطنی، انسان اور انسانیت سے محبت، زندگی کا حسن اور عشق کی بلندی پائی جاتی ہے، آپ کے صوفیانہ کلام کے سبب سندھ دھرتی میں دین اسلام تیزی سے پھیلا اور ظلمتوں کے سائے ختم ہوگئے، آپ کی شاعری نے نبی کریمﷺ سے عشق کا جذبہ بیدار کیا، آپ نے دنیا کو پیغام دیا کہ یہ کائنات سرکار دو عالمﷺ کے طفیل وجود میں آئی ہے، محکمہ اوقاف اور سندھ حکومت درگاہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار اور زائرین کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائے، مزارات پر دھماکے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، مزارات اولیاء روحانیت امن و سلامتی کے مینار ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے عظیم صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ شاہ عبدللطیف بھٹائی کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جائیں، آپ نے جہاں جہالت اور ظلم کے اندھیروں کا خاتمہ کیا، وہاں آپ نے سسکتی ہوئی انسانیت کو جینے کیلئے درگذر، برداشت کے فلسفے پر چلنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹیائی کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہے، بزرگان دین ہمارے اثاثہ اور ان کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہے، شاہ عبداللطیف بھٹائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انہوں نے اپنے صوفیانہ کلام کے ذریعے امن و سلامتی کو فروغ اور تعصب کو ختم کرکے انسانیت کے احترام کو فروغ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ دھرتی کے عظیم صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے نفرتوں کو ختم اور محبتوں کا بانٹنے اور امن کا پیغام دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 821999

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821999/مزارات-پر-دھماکے-کرنے-والے-اسلام-پاکستان-کے-دشمن-ہیں-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org