اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف میانوالی کے رہنماء اور رکن پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ میرا دامن صاف تھا اور ﷲ تبارک و تعالی نے مجھے سرخرو کیا ہے۔ میانوالی میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایک سیاسی ورکر ہوں اور میرے حلقہ کے عوام میری طاقت ہیں، مجھے وزارت کی ضرورت نہیں، افسوس ضلع کے دیگر منتخب نمائندوں نے میری حراست کے دوران میرے حلقہ پر توجہ نہ دی اور حلقہ کے مسائل کو یکسر نظر انداز کیا، اب میری پوری کوشش ہوگی کہ مختصر وقت میں رہی سہی کسر پوری کر کے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جائیں۔ میانوالی میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزرات سے بڑھکر میری اولین ترجیح اپنا حلقہ کی عوام ہیں، جنہوں نے مجھ پر دوسری مرتبہ بھر پوری اعتماد کر کے اسمبلی تک پہنچایا۔