QR CodeQR Code

پاک ایران تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم

15 Oct 2019 10:17

لاہور چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران دونوں قریبی دوست اور ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات ایک دوسرے کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستانی چاول کیلئے بہترین مارکیٹ ہے جبکہ پاکستان میں ایرانی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قونصل جنرل ایران لاہور محمد رضا ناظری نے لاہور چیمبر آف کامرس میں چیمبر کے نومنتخب صدر عرفان اقبال شیخ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان امپورٹ اور ایکسپورٹ کے معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ایک سپیشل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو بینکنگ معاملات پر حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ اس موقع پر سینئیر نائب صدر علی حسام اصغر،  وائس پریذیڈنٹ میاں زاہد جاوید،  ایران کیلئے سابق سفیر آصف درانی،  بانی رکن لاہور چیمبر تنظیم احمد، سابق صدر فاروق افتخار بھی موجود تھے۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران دونوں قریبی دوست اور ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات ایک دوسرے کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستانی چاول کیلئے بہترین مارکیٹ ہے جبکہ پاکستان میں ایرانی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ادائیگیوں کے مسائل ہیں جن کی وجہ سے باہمی تجارت پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی، انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں کے طریقہ کار اور بینکنگ کے معاملہ کیلئے کمیٹی بنا دی ہے جو سفارشات تیار کرے گی اور یہ سفارشات حکومت کو پیش کی جائیں گے جس کے بعد باقاعدہ تجارت کیلئے ایس او پیز طے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار ایران میں سرمایہ کاری و تجارت کے خواہاں ہیں مگر کچھ انتظامی مسائل کی وجہ سے معاملات آگے نہیں بڑھ سکے تاہم اب بہت جلد یہ مسائل حل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اس میں اپنا کردار بڑھ چڑھ کر ادا کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 822058

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822058/پاک-ایران-تجارت-میں-حائل-رکاوٹیں-دور-کرنے-کیلئے-خصوصی-کمیٹی-قائم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org