0
Tuesday 15 Oct 2019 16:24

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی صدر پاکستان اور وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں ملاقات

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی صدر پاکستان اور وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں ملاقات
اسلام ٹائمز۔ برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی ہے۔ اسلام آباد میں شاہی مہمانوں کی وزیراعظم ہاوس آمد پر عمران خان نے ان کا استقبال کیا۔ صدر مملکت عارف علوی سے معزز مہمانوں کی ملاقات میں خاتون اول ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔ عمران خان کے ساتھ ملاقات میں ماحولیات اور تعلیمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ مہمانوں کو پاکستان میں عوامی فلاح کے منصوبوں، غربت کے خاتمے اور ماحولیات کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، زلفی بخاری اور ثانیہ نشتر سمیت کابینہ کے پانچ ارکان نے شرکت کی۔ قبل ازیں  شہزادے ولیم اورکیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے ماڈل کالج برائے خواتین کا دورہ بھی کیا۔ کالج کی انتظامیہ نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا۔ شہزادے نے اسکول کے بچوں سے بات چیت بھی کی اور تصویر بھی بنائی۔ برطانوی شاہی جوڑا پانچ روز دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔ مختلف شخصیات سے ملاقاتیں اور سیاحتی مقامات کی سیر بھی شاہی جوڑے کے شیڈول میں شامل ہے۔ یاد رہے کہ  شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ 13سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 822191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش