0
Tuesday 15 Oct 2019 19:03

وزیراعظم عالمی لیڈر بننے کے بجائے اندرونی معاملات پر توجہ دیں، عبدالغفور راشد

وزیراعظم عالمی لیڈر بننے کے بجائے اندرونی معاملات پر توجہ دیں، عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں سعودی نواز تنظیموں نے عمران خان کی ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کی کوششوں پر خوشی کی بجائے تشویش کا اظہار کر دیا۔ پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی مہم پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عالمی لیڈر بننے کی ناکام کوشش چھوڑ کر اندرونی معاملات پر توجہ دیں تو ان کیلئے بہتر ہوگا۔ کراچی میں مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ کے انتخابی نگرانوں، مجلس شوریٰ اور اہلحدیث یوتھ فورس کے اجلاسوں میں شرکت کے بعد لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی حالات دگرگوں ہو چکے ہیں۔ امن و امان خراب اور سکیورٹی کے معاملات پہلے سے بہت خراب ہو چکے ہیں۔ حکومت کی مختلف معاملات پر گرفت ختم ہو چکی ہے، مہنگائی بیروزگاری سے تنگ لوگ خود کشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں، ہر محکمے میں ہڑتالیں ہو رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی سڑکوں پر آنے کا اعلان کر چکی ہیں، اس وقت ڈاکٹر، اساتذہ ہڑتال پر ہیں۔ نابینا افراد مال روڈ پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ ان سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی کسی کے پاس اس کا اختیار ہے۔ سیاسی قوتیں مولانا فضل الرحمن کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کر چکی ہیں تو ان حالات میں وزیراعظم عمران خان کو عالمی مسائل حل کرانے میں دلچسپی لینے کی بجائے اپنے ملکی مسائل کی طرف توجہ دینی چاہئے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ عالمی فورم پر اچھی تقریریں اور ایران کے بعد سعودی عرب کے دورے سے شاید کچھ اچھے نتائج کی امید پیدا ہو جائے لیکن وزیر اعظم کی بنیادی ذمہ داری ملکی مسائل کا حل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے موقف کی جمہوری قوتیں حمایت کرتی ہیں، انہیں احتجاجی مارچ اور دھرنے کا آئینی جمہوری حق ہے اور یہ حق استعمال کرنے سے انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔
خبر کا کوڈ : 822221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش